پنجاب آرٹس کونسل میں "آزادی کے رنگ سروں کے سنگ"کے نام سے میوزیکل نائٹ کا انعقاد

منگل 16 اگست 2022 22:18

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اگست2022ء) پنجاب آرٹس کونسل میں میوزیکل نائٹ "آزادی کے رنگ سروں کے سنگ" کاا نقعاد کیا گیا۔میوزیکل نائٹ کی مہمان خصوصی ناہید منظور اورڈائریکٹر آرٹس کونسل وقار احمد تھے۔ناہید منظور کا اس موقع پر کہنا تھا کہ پنجاب کے لوک گیت پورے ملک کی ثقافت میں اپنی منفرد پیچان رکھتے ہیں ،جس میں پنجاب کے لوگوں کی روایات، سادگی اور پرخلوص محبت کے جذبے پوشیدہ ہیں ، پنجاب کے فنکاروں نے اپنے لوک گیتوں، انکی دھنوں اور مفرد لب و لہجے کو بھر پور انداز میں محفوظ رکھا ہے اور آج کی نوجوان نسل کو بھی اس مستفید کر رہے ہیں، پنجاب آرٹس کونسل دیگر صوبوں اور وفاق کی اکائیوں کے کلچر کے فروغ کیلئے بھی نمایاں کردار ادا کر رہی ہے ۔

ڈائریکٹر آرٹس کونسل وقار احمدکا کہنا تھا کہ کسی بھی قوم کی پہچان اس کی تہذیب اور ثقافت ہے اور وہی قومیں ترقی کی منازل طے کرتی ہیں جو اپنی ثقافت سے جڑی رہتی ہیں، پنجاب آرٹس کونسل نوجوانوں کوبلاتفریق ڈرامہ، موسیقی، فنون لطیفہ اور ادب کے شعبہ میںپلیٹ فارم مہیا کر رہی ہے اوریہ پروگرام بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔

(جاری ہے)

میوزیکل نائٹ میں ڈاکٹر مبشر ہ حفیظ،لیلیٰ جٹی،حکمت اعوان ، اسحاق ملک غوری، ثمینہ خالد،محسن پاشا اور حمزہ نے اپنی آواز کا جادو جگا کر حاضرین محفل سے خوب داد سمیٹی۔گلوکاروں نے چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے خوبصورت گیت پیش کیے۔میوزیکل نائٹ کے دوران آرٹس کونسل کا ہال شائقین سے کھچا کھچ بھرا ہوا تھا۔