پاکستانی باکسر عثمان وزیر نے ورلڈ یوتھ ٹائٹل فائٹ جیت لی

بدھ 28 ستمبر 2022 23:55

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 ستمبر2022ء) پاکستان کے معروف پروفیشنل باکسر عثمان وزیر نے ورلڈ باکسنگ آرگنائزیشن کے تحت ہونے والی ورلڈ یوتھ ٹائٹل فائٹ جیت لی۔موصول اطلاعات کے مطابق تھائی لینڈ کے شہر بنکاک میں بدھ کی شب کھیلی جانے والی ٹائٹل فائٹ میں عثمان وزیر نے تھائی لینڈ کے باکسر سومپوت سیسا کو چھٹے رانڈ میں زیر کرکے فتح حاصل کی۔

بائیس سالہ عثمان وزیر نے تھائی حریف کو چھٹے رانڈ میں ناک آٹ کرکے ٹائٹل اپنے نام کیا، وہ مسلسل 9 ویں پروفیشنل فائٹ میں ناقابل تسخیر رہے۔ایشین بوائے کے نام سے مشہور عثمان وزیر کی یہ نویں پروفیشنل باکسنگ فائٹ تھی، اب تک وہ اپنے تمام مقابلوں میں کامیابی سے ہم کنار ہوئے ہیں۔ گلگت کے علاقے استور سے تعلق رکھنے والے عثمان وزیر ایشین باکسنگ فیڈریشن کے ویلٹر ویٹ چیمپیئن بھی ہیں، عثمان وزیر پاکستان کے پہلے باکسر ہیں جنہوں نے ڈبلیو بی او ورلڈ یوتھ ٹائٹل کے لیے کوالیفائی کیا ہے۔

(جاری ہے)

دریں اثنا عثمان وزیر نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ وہ اپنی زندگی کی سب سے بڑی فائٹ میں کامیابی پر بہت خوش ہیں، یوتھ ورلڈ ٹائٹل فائٹ کے لیے کوالیفائی کرنا اعزاز ہے، ورلڈ ٹائٹل جیت کر پاکستان کا نام روشن کرنے پر بہت مسرت ہوئی۔پاکستانی پروفیشنل باکسر نے کامیابی کے لیے دعائیں کرنے پر قوم کا بھی شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :