اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور دی ملینیم ایجوکیشن گروپ کے مابین باہمی تعاون کا معاہدہ طے پا گیا

جمعرات 3 نومبر 2022 20:45

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 نومبر2022ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) نے دی ملینیم ایجوکیشن گروپ کے ساتھ اپنے ممبران کے لیے ڈسکائونٹ حاصل کرنے اور انڈسٹری اکیڈیمیا روابط کو فروغ دینے کے لیے مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔اس سلسلے میں چیمبر میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں آئی سی سی آئی کے صدر احسن ظفر بختاوری اور دی ملینیم ایجوکیشن گروپ کے بانی اور چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر چوہدری فیصل مشتاق نے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے۔

باہمی تعاون کے معاہدے کا اہم مقصد انڈسٹری اکیڈیمیا روابط کو مضبوط کرنا، کارپوریٹ سطح پر اشتراک بڑھانا اور طلباء کی پیشہ ورانہ ترقی کو فروغ دینا ہے۔ اس معاہدے کے تحت دونوں اداروں نے متعدد شعبوں میں باہمی تعاون کو مضبوط کرنے پر اتفاق کیا جن میں چیمبر کے ممبران اور ملازمین کو ٹیوشن فیس میں ڈسکائونٹ کی پیشکش، چیمبر کی طرف سے گروپ کے طلبا کو انٹرنشپ کے مواقع فراہم کرنا، مشترکہ طور پر انٹرپرینیورشپ کو فروغ دینا اور طلبا کو نظریاتی تعلیم کی عملی تربیت فراہم کرنا نمایاں ہیں۔

(جاری ہے)

معاہدے کے تحت ملینیم ایجوکیشن گروپ نے اپنے تمام برانڈز بشمول روٹس ملینیم اسکولز، دی ملینیم کالجز، فیوچر ورلڈ اسکولز اینڈ کالجز، دی لٹل ملینیم اور ملینیم یونیورسل کالجز میں آئی سی سی آئی کے ممبران اور ملازمین کیلئے حسب ضرورت ٹیوشن فیس میں ڈسکائونٹ کی پیشکش کی ہے۔ اس کے علاوہ آئی سی سی آئی مختلف کوششوں میں دی ملینیم ایجوکیشن گروپ کے ساتھ تعاون کرے گا جن میں مشترکہ تقریبات کا انعقاد، سمپوزیم، تعلیم و تحقیق، ورکشاپس، سیمینارز، جاب فیئرز، کیرئیر کونسلنگ اور مینٹرشپ سیشنز شامل ہیں۔

آئی سی سی آئی صنعتی شعبے میں دی ملینیم ایجوکیشن کے اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبا کے لیے انٹرن شپ کے مواقع فراہم کرنے میں تعاون کرے گا۔مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کرنے کے بعد اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ دی ملینیم ایجوکیشن گروپ نے کارپوریٹ ایمپلائی ایجوکیشن بینیفٹ پروگرام کا اجراء کر کے ایک مثبت قدم اٹھایا ہے جو قابل ستائش ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئی سی سی آئی اور دی ملینیم ایجوکیشن گروپ کے درمیان باہمی تعاون کے معاہدے سے چیمبرکے ممبران و ملازمین اور طلبا کیلئے فائدہ مند نتائج برآمد ہوں گے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس معاہدے سے دونوں فریق مشترکہ کوششوں کے ذریعے تعلیم، کمیونٹی اور کارپوریٹ سمیت دیگر شعبوں میں مثبت پیش رفت کریں گے جس سے بزنس کمیونٹی، معاشرے اور طلبا کو فائدہ ہو گا۔

ڈاکٹر چوہدری فیصل مشتاق چیف ایگزیکٹیو آفیسر دی ملینیم ایجوکیشن گروپ نے تعلیم کے شعبے میں گروپ کی 35 سالہ کارکردگی اور کامیابیوں پر روشنی ڈالی۔انہوں نے کہا کہ ان کے گروپ کے تحت اس وقت پاکستان میں 40تعلیمی ادارے نوجوان طبقے کو معیاری تعلیم فراہم کر کے معاشرے کی خدمت کر رہے ہیں۔ انہوں نے اپنے وژن سے بھی شرکاء کو آگاہ کیا کہ مستقبل میں میلینیم ایجوکیشن گروپ کو کہاں دیکھتے ہیں اور یہ اشتراک سے کس طرح دونوں اداروں کے لیے فائدہ مند نتائج برآمد ہوں گے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ کس طرح میلینیم ایجوکیشن گروپ نے قومی اور بین الاقوامی سطح پر معیاری تعلیم فراہم کرنے کے لیے اپنی ایک پہچان حاصل کی ہے۔چیمبر کے سینئر نائب صدر فاد وحید، نائب صدر اظہر الاسلام ظفر، میلینیم ایجوکیشن گروپ کی ڈائریکٹر کمیونیکیشنز، کمیونٹی اینڈ آئوٹ ریچ سبینہ ذاکر، ظفر بختاوری، چوہدری جاوید اقبال، شیخ محمد اعجاز، چوہدری محمد علی، مقصود تابش، فیضان شہزاد، رضوان چھینہ، شوکت حیات اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔