بہترین ترقیاتی کاموں کی بنا پر محکمہ اوقاف دیگر محکموں کے ماتھے کا جھومر بن گیا ‘سید رفاقت علی گیلانی

سالانہ ترقیاتی پروگرام کی تکمیل کے بعد مزارات کی عمارات ،زائرین کیلئے سہولیات کی فراہمی میں مثبت تبدیلی آئی

جمعہ 25 نومبر 2022 17:14

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 نومبر2022ء) معاون خصوصی برائے اوقاف سید رفاقت علی گیلانی نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر اصلاحتی نکات اور گائیڈ لائن پر عمل پیرا ہے، محکمہ اوقاف نے اپنے بہترین اقدامت اور ترقیاتی کاموں کے ذریعے ترقیاتی کاموں کے نئے ریکارڈقائم کئے جس کی بنا پر یہ محکمہ دیگر محکموں کے ماتھے کا جھومر بن گیا ہے۔

انہوں نے اپنے آفس میں مختلف وفود سے ملا قات کرتے ہوئے کہا کہ ان اصلاحتی عمل کو اپناتے ہوئے دیگر محکموں نے بھی اس کی تقلید شروع کر دی ہے۔ سالانہ ترقیاتی پروگرام کی تکمیل کے بعد مزارات کی عمارات اور زائرین کیلئے سہولیات کی فراہمی میں مثبت تبدیلی آئی ہے۔ترقیاتی سکیموں کی امتیازی خصوصیا ت و ترجیحات کے تحت تاریخی و ثقافتی عمارتی اثاثہ جات کی حفاظت، دیکھ بھال و تزئین وآرائش،مزارات پر زائرین کے لئے بنیادی سہولیات کی معیاری فراہمی،مزارات کو عوام ا لناس کیلئے بلا امتیاز و تفریق فلاحی مراکز بنادیا گیاہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ محکمہ اوقاف میں ان ا صلاحات کی وجہ سے رول ماڈل بن چکا ہے۔ حکومت پنجاب انتہا پسندی کے تدارک کے لیے جامع حکمت عملی پر تیزی سے عمل پیر اہے اس سلسلہ میں فلاحی معاشرے کی تشکیل کے لیے صوفیاء کے نظام فکر و عمل کو اپنانا وقت کا اہم تقاضا ہے، تشدّد کے رجحانات کے خاتمے کے لیے محراب ومنبر کو اپناکردار ادا کرنا ہوگا ۔ اسلام، انسانی جان کی حرمت کا امین اور شرف و تکریم آدمیت کا علمبردار ہے ، دینی اقدار کی ترویج کے لیے موثر لائحہ عمل ترتیب دینا ہوگا، آئمہ اور خطباء کو علمی اور فکری طور پر مستعد اور موثر حیثیت میں معاشرے کی قیادت کرنے کی ضرورت ہے ، سیرت طیبہؐ اور اسوہ ٴ رسولؐسے اکتسابِ فیض کے بغیر، اخلاقی سربلندی ممکن نہیں۔