Live Updates

لیگی ارکان اسمبلی کی معطلی کیخلاف درخواست کی جلد سماعت کیلئے متفرق درخواست دائر کر دی،عطاء تارڑ

اسمبلی تحلیل کرنے کا خدشہ ہے اس لئے کسی ارکان کو باہر نہیں رکھ سکتے،اسپیکر پنجاب اسمبلی کا انتخاب غیر آئینی تھا،رہنما مسلم لیگ ن

Abdul Jabbar عبدالجبار بدھ 30 نومبر 2022 13:53

لیگی ارکان اسمبلی کی معطلی کیخلاف درخواست کی جلد سماعت کیلئے متفرق ..
لاہور (اُردو پوائنٹ،اخبارتازہ ترین ۔ 30 نومبر2022ء) وزیر اعظم کے معاون خصوصی عطاء اللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ میں لیگی ارکان اسمبلی کی معطلی کیخلاف درخواست کی جلد سماعت کیلئے متفرق درخواست دائر کر دی ہے،اسمبلی تحلیل کرنے کا خدشہ ہے کسی ارکان کو باہر نہیں رکھ سکتے۔بد قسمتی سے ہماری معطلی کے کیسز کی سماعت نہیں ہو رہی،اسپیکر پنجاب اسمبلی کا انتخاب غیر آئینی تھا۔

عطاء تارڑ نے عظمٰی بخاری کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا حق ہے کہ ہمارا مؤقف سنا جائے۔ابھی تک درخواستوں پر سماعت نہیں ہو سکی جو ہماری حق تلافی ہے۔اسمبلیوں کی تحلیل کے حوالے سے ہم نے اتحادیوں سے مشاورت کی ہے۔ عظمٰی بخاری نے کہا کہ پنجاب اسمبلی کسی کی ذاتی ملکیت نہیں اور پنجاب اسمبلی کو ذاتی مقاصد کیلئے استعمال کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

وزیر اعلٰی پنجاب 12 کروڑ عوام کے صوبے پر شب خون مارنے جا رہے ہیں،ہمارا حق ہے کہ ہمیں بھی ایوان میں رائے پیش کرنے دی جائے،15دن کیلئے اراکین کو ایکسپیل کرنے کا طریقہ ہر اسمبلی میں ہے۔اسد عمر کا لیٹر معتبر ثابت ہوا اور 25 لوگوں کا ووٹ ہی کاؤنٹ نہ ہوا۔ قبل ازیں عطاء تارڑ کا کہنا تھا کہ پنجاب اسمبلی کی تحلیل روکنے،وزیراعلٰی کے خلاف تحریک عدم اعتماد اور اعتماد کا ووٹ لینے سمیت تمام آپشنز پر غورکر لیا۔

ہمارا ان سے رابطہ ہوا ہے اور وہ پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں اپنے تحفظات کا اظہار کریں گے کہ عمران خان کی مقبولیت میں کمی آئی ہے۔ارکان پنجاب اسمبلی میں اضطراب پایا جاتا ہے،پنجاب اسمبلی کو اپنی مدت پوری کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مینڈیٹ پر ڈاکہ نہ ڈالا جائے،ہم ہر حربہ استعمال کریں گے اور پنجاب اسمبلی کو تحلیل نہیں ہوں دیں گے۔پنجاب اسمبلی کے ارکان،اسمبلی کو تحلیل کرنے کے حق میں نہیں،ان میں بہت سارے ارکان ہمارے ساتھ رابطے میں بھی ہیں۔سب کا مؤقف ہے کہ پنجاب اسمبلی کو اپنی مدت پوری کرنی چاہیے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات