خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی کی 49ویں برسی (آج) منائی جائیگی

جمعرات 1 دسمبر 2022 21:25

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 دسمبر2022ء) پشتون قومی تحریک کے رہنماء اور قومی آزادی ، جمہوریت ، سماجی انصاف کے علمبردار خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی کی 49ویں برسی (آج)جمعہ پشتونخوا وطن ، ملک کے مختلف شہروں اور بیرون ملک نہایت عقیدت واحترام سے منائی جائیگی ۔اس سلسلے میں مرکزی جلسہ عا م آج دوپہر1:30بجے ایوب سٹیڈیم کوئٹہ میں منعقد ہوگا ۔

جس سے پارٹی کے چیئرمین محمود خان اچکزئی اور دیگر مرکزی وصوبائی قائدین خطاب فرمائینگے۔ملک کے مختلف اضلاع وشہروں اور بیرون ملک میںتعزیتی ریفرنسز ، سیمینارز و اجتماعات کا انعقاد ہوگا جس میں خان شہید کی قومی سیاسی ،جمہوری ، ادبی ، صحافتی اور پشتو لکھ دود کی خدمات ،جدوجہد اور قربانیوںپر انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کیا جائیگا۔

(جاری ہے)

جلسہ عام میں خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی کے قومی نظریات ،افکار پر کاربند رہتے ہوئے ان کے متعین کردہ قومی اہداف کے حصول کیلئے جدوجہد تیز تر کرنیکی تجدید عہد کی جائیگی۔

اور مختلف اخبارات میںخان شہید عبدالصمد خان اچکزئی پر پروفیسروں، ادیبوں، کالم نگاروں کے مقالے شائع ہونگے جس میں خان شہید کی نظریات وافکار اور قومی سیاسی جمہوری ادیبی خدمات اور قومی آزادی وبرابری ، جمہوریت ، سماجی انصاف کیلئے ان کی جدوجہد و قربانیوں پر روشنی ڈالی جائیگی اور مختلف ٹی وی چینلز اور ریڈیو ز پر خصوصی نشریات پیش کی جائیگی۔

بیان میں تمام عوام ، شہریو ں، سیاسی کارکنوں اور ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والوں سے اپیل کی گئی ہے کہ خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی کے شہادت کی برسی کے حوالے سے منعقدہ تعزیتی ریفرنس ، اجتماعات اور بالخصوص کوئٹہ کے مرکزی جلسہ عام میں شرکت کرکے خان شہید کی قومی ، وطنی ، ادبی ، علمی ،صحافتی اور قومی زبان پشتو کی لکھ دود کی خدمات پر شہید رہنماء کو زبردست خراج عقیدت پیش کرینگے ۔