برآمدات کے بہتر فروغ کیلئے حکومت نجی شعبے کے ساتھ تعاون کرے، احسن ظفربختاوری

جمعہ 2 دسمبر 2022 19:13

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 دسمبر2022ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ ملکی برآمدات اور زرمبادلہ کے ذخائر کے بہتر فروغ کیلئے حکومت نجی شعبے کے ساتھ بھرپور تعاون کرے جس سے معیشت مستحکم ہو گی، رواں مالی سال کے پہلے پانچ ماہ (جولائی تا نومبر) کے دوران برآمدات میں گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں تقریباً 3.5 فیصد کمی ہوئی ہے ، اگر برآمدات میں کمی کا یہی رجحان جاری رہا تو رواں مالی سال کا برآمدات کا ہدف حاصل کرنا مشکل ہو جائے گا۔

انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ برآمدات میں کمی کی وجوہات کا جائزہ لے اور برآمدات کو بہتر بنانے کے لیے فوری اقدامات کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک عشایئے سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس کا اہتمام پاک چائنہ بزنس فورم کے چیئرمین شیخ محمد ناصر علی نے آئی ایٹ مرکز کی ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے تعاون سے آئی سی سی آئی کے عہدیداران کے اعزاز میں کیا۔

(جاری ہے)

احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ چین کی سالانہ درآمدات 2 کھرب ڈالر سے زائد ہیں تاہم پاکستان کی چین کے ساتھ 3 ارب ڈالر سے بھی کم ہیں جو کہ چین کی مارکیٹ کی اصل صلاحیت کے مقابلے میں معمولی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت چین کے ساتھ برآمدات کو بہتر فروغ دینے کیلئے ایکسپورٹرز کے ساتھ مکمل تعاون کرے جس سے معیشت کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ آئی سی سی آئی پاکستان اور چین کے درمیان باہمی تجارت کو بڑھانے کے لیے پاک چائنہ بزنس فورم کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہے گا جس سے دونوں ممالک کے لیے فائدہ مند نتائج برآمد ہوں گے۔

پاک چائنہ بزنس فورم کے چیئرمین شیخ محمد ناصر علی نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کا فورم چین اور پاکستان کی کاروباری برادری کے درمیان تجارتی روابط کو مضبوط بنانے کے لیے کام کر رہا ہے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت، مشترکہ کاروبار اور سرمایہ کاری کو فروغ دیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ چین کی مزید کمپنیوں کو کاروبار اور سرمایہ کاری کیلئے پاکستان لانے کی کوشش کریں گے۔

سابق سنیٹر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقیوم خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ حکومت چیمبر آف کامرس اور ملک کی کاروباری برادری کو حکومتی پالیسیوں میں شریک کرے اور ان کی مشاورت سے کاروبار اور معیشت سے متعلق پالیسیاں تشکیل دے جس سے بہتر نتائج برآمد ہوں گے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سی ڈی اے میں نجی شعبے کو نمائندگی دینے کیلئے چیمبر کے صدر کو سی ڈی اے بورڈ کا ممبر بنایا جانا چاہیئے۔

چیمبر کے نائب صدر انجینئر اظہر الاسلام ظفر، شیخ اعجاز شریک چیئرمین پاک چائنہ بزنس فورم، گروپ لیڈر خالد اقبال ملک، خالد جاوید، ظفر بختاوری، سردار یاسر الیاس خان، محمد شکیل منیر، اجمل بلوچ، آئی ایٹ مرکز کی ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدر فیاض گل، سیکرٹری جنرل زاہد قریشی، جناح سپر مارکیٹ کی ایسوی ایشن کے صدر اسد عزیز، سیکرٹری جنرل عبدا لرحمٰن صدیقی، چیمبر کے ایگزیکٹو ممبران اور تاجر برادری کی ایک بڑی تعداد نے عشایئے میں شرکت کی۔