لیجنڈری فٹبالر پیلے کی حالت تشویشناک، ڈاکٹروں نے بھی جواب دیدیا

82 سالہ عظیم فٹبالر کو کینسر کے دوبارہ علاج کے لیے برازیل کے ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 4 دسمبر 2022 17:16

لیجنڈری فٹبالر پیلے کی حالت تشویشناک، ڈاکٹروں نے بھی جواب دیدیا
برازیلیا (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 4 دسمبر 2022ء ) بڑی آنت کے کینسر میں مبتلا برازیل کے سابق لیجنڈ فٹبالر پیلے کی حالت انتہائی تشویش ناک ہے اور کیمو تھراپی کے متوقع نتائج نہ آنے پر انہیں خصوصی نگہداشت (پیلیٹو کیئر) کے وارڈ میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ برطانوی میڈیا کے مطابق 82 سالہ عظیم فٹبالر کو گزشتہ منگل کو کینسر کے دوبارہ علاج کے لیے برازیل کے ایک ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔

برطانوی میڈیا نے برازیلی اخبار کے حوالے سے بتایا کہ بڑی آنت کے کینسر میں مبتلا پیلے کی کیمیو تھراپی کی جارہی تھی تاہم نتائج نہ ملنے پر ان کی کیمیو تھراپی روک دی گئی ہے اور اب انہیں زندگی کی اختتامی نگہداشت فراہم کی جارہی ہے جس میں انہیں درد سے نجات اور سانس لینے میں مشکلات جیسے مسائل کا علاج فراہم کیا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

برازیل کے شہر سا پالو کے البرٹ آئن اسٹائن اسپتال نے فٹبال کے کنگ کی حیثیت سے مشہور پیلے کی صحت کے حوالے سے کسی بھی قسم کی رپورٹ کی تصدیق کرنے سے انکار کیا ہے اور کہا ہے کہ وہ اس حوالے سے آفیشل بیان جاری کریں گے۔

گذشتہ روز ہسپتال کی جانب سے جاری رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ پیلے کو سانس میں انفیکشن کی تشخیص پر ہسپتال منتقل کیا گیا، سابق فٹبالر کو انفیکشن سے صحت یابی کیلئے اینٹی بائیوٹک دی جارہی ہیں، پیلے کی حالت خطرے سے باہر ہے اور صحت میں معمولی بہتری بھی آرہی ہے تاہم وہ آنے والے دنوں میں ہسپتال میں زیر علاج رہیں گے۔خیال رہے کہ دنیا کے عظیم ترین فٹبالر سمجھے جانے والے پیلے تاریخ کے واحد کھلاڑی ہیں جو تین ورلڈ کپ 1958ء، 1962ء اور 1970ء جیت چکے ہیں، 1977ء میں ریٹائر ہونے والے پیلے حالیہ کچھ عرصے سے صحت کے مسائل سے دوچار ہیں۔

ستمبر 2021ء میں ان میں بڑی آنت کا کینسر تشخیص کیا گیا تھا جس کے بعد وہ کئی روز اسپتال میں زیر علاج رہے تھے۔دوسری جانب فٹبال ورلڈ کپ 2022ء کی میزبانی کرنے والے ملک قطر کے دارالحکومت دوحہ میں فٹبال اسٹیڈیم کے ٹاور کو پیلے کی صحت یابی کے نیک تمنا والے پیغام سے مزین کردیا گیا ہے۔