بدعنوانی کا خاتمہ کر کے ہی خوشحال پاکستان کے قیام کا خواب شرمندہ تعبیر ہو سکتا ہے،فیاض احمد قریشی

جمعرات 8 دسمبر 2022 15:30

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 دسمبر2022ء) قومی احتساب بیورو نیب ملتان کے زیر اہتمام انسداد بدعنوانی کے عالمی دن کے موقع پر بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی ملتان میں "ہمارا ایمان، کرپشن فری پاکستان" کے عنوان سے سیمینار کا انعقاد کیا گیا، سیمینار کی صدارت ڈائریکٹر جنرل نیب ملتان فیاض احمد قریشی نے کی جبکہ سابق گورنر پنجاب رفیق رجوانہ، وائس چانسلر بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی ڈاکٹرمنصور احمد کنڈی اوروائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی ڈاکٹررانا الطاف مہمانان خصوصی تھے۔

سیمینار میں کمشنرملتان چوہدری اشفاق احمد،ڈپٹی کمشنرطاہروٹوسمیت مختلف محکموں کے اعلی افسران اور طلباءکی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئےڈائریکٹرجنرل نیب ملتان فیاض احمد قریشی نےکہا کہ بدعنوانی کا خاتمہ کر کے ہی خوشحال پاکستان کے قیام کا خواب شرمندہ تعبیر ہو سکتا ہے اور بدعنوانی ملکی معیشت کی ترقی کےلئے ناسور کی حیثیت رکھتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ معاشرے میں سے کرپشن سرطان کی طرح سرایت کر رہا ہے اور اس کے خلاف حکومت اور اداروں کیساتھ ساتھ ہم سب کو ملکر لڑنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں "کریکٹر بلڈنگ سوسائٹیز" کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے تاکہ طلبا کی شخصیت کی بہتر انداز میں نشوونما ہو سکے اور انہیں بدعنوانی، کرپشن اور وسائل کے ناجائز استعمال کے مضر اثرات بارے آگاہی اور شعور دیا جائے سکے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سابق چانسلر و گورنر پنجاب رفیق رجوانہ نے کہا کہ مالی کرپشن کیساتھ اخلاقی بدعنوانی کا تدارک بیحد ضروری ہے اور ہمیں وسائل کے زیاں کو قومی ذمہ داری سمجھ کر روکنا ہوگا تاکہ ترقی یافتہ اور خوشحال ملک بن سکیں۔ انہوں نے کہا کہ سادہ طرز زندگی اور خود احتسابی سے کرپشن پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ رفیق رجوانہ نے کہا کہ نوجوان قوم کی امید اور اثاثہ اور مایوسی کے سمندر میں امیدوں کے جزیرے ہیں۔

اس سیمینار سے بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی اور نشترمیڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلرز نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ خدا خوفی،اسوہ حسنہ اور اعلی اخلاقی روایات کا اجرا کرپشن کے خاتمے میں معاون ثابت ہو سکتا ہے۔ اس موقع پر یونیورسٹیوں اور کالجز کے طلبہ و طالبات نے"،کرپشن فری پاکستان"کےعنوان سےاردواورانگریزی میں تقاریرکیں۔تقریب کےآخرمیں مہمانان خصوصی نےتقریری مقابلےاورپینٹنگزکے مقابلے جیتنے والے طلبا میں شیلڈز اور انعامات بھی تقسیم کئے۔