راجہ ریاض کی تعیناتی کے خلاف دائر درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری

جمعہ 9 دسمبر 2022 11:55

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 دسمبر2022ء) لاہور ہائیکورٹ نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے عہدے پر راجہ ریاض کی تعیناتی کے خلاف دائر درخواست پر راجہ ریاض سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 18 جنوری کو جواب طلب کرلیا ۔جسٹس عابد حسین چھٹہ نے درخواست پر ابتدائی سماعت کی ۔

(جاری ہے)

عدالت کے روبرو درخواست گذار شہری منیر احمد کے وکیل اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ لاہور ہائیکورٹ نے اپوزیشن لیڈر کے عہدے پر راجہ ریاض کی تعیناتی کے معاملہ کا جائزہ لینے کیلئے درخواستیں سپیکر قومی اسمبلی کو بجھوائی تھی۔

سپیکر قومی اسمبلی نے کسی قانونی جواز کے بغیر درخواستیں مسترد کر دیں۔ درخواست میں نکتہ اٹھایا گیا کہ اپوزیشن لیڈر کے عہدے پر تعیناتی محض ارکان کی تعداد سے مشروط نہیں ہے.۔راجہ ریاض تحریک انصاف کے ٹکٹ پر منتخب ہوئے اور اس جماعت سے الگ ہو چکے ہیں وہ اپوزیشن لیڈر نہیں بن سکتے ۔درخواست میں یہ استدعا کی گئی کہ راجہ ریاض کی اپوزیشن لیڈر کے عہدے پر تعیناتی کالعدم قرار دی جائے۔