پنجاب فوڈاتھارٹی کی کارروائی ، جعلی بوتلیں بنانے والی فیکٹری سیل

جمعہ 9 دسمبر 2022 13:43

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 دسمبر2022ء) پنجاب فوڈاتھارٹی نے ایک کارروائی کے دوران جعلی بوتلیں بنانے والی فیکٹری کو سیل کر دیا ۔ترجمان فوڈاتھارٹی کے مطابق ویجیلینس ٹیم کی خفیہ اطلاع پر پنجاب فوڈ اتھارٹی نے شاہدرہ ٹائون میں واقع معروف ٹریڈرز پر چھاپہ مار کر 1987جعلی بوتلیں، 2کلو جعلی پیکنگ میٹریل اور کھلے رنگ ضبط کر لئے۔

اس کے علاوہ پروڈکشن یونٹ کو اصلاح تک بند کر دیا گیا۔اس حوالے سے ڈی جی فوڈ اتھارٹی مدثر ریاض ملک نے نے بتایا کہ فیکٹری بغیر منظورشدہ فارمولے کے نل کے پانی میں کیمیکلز اور کھلے رنگ ڈال کر جعلی کار بو نیٹڈ ڈرنکس تیار کی رہی تھی اور کارروائی کے دوران مختلف برانڈز کے نام کی بوتلیں،ڈھکن اور لیبلنگ بھی برآمد کی گئی۔انہوں نے کہا کہ جعلساز مافیا ممنوعہ اجزا کے استعمال سے مختلف برانڈز کی جعلی بوتلیں تیار کر رہا تھا۔

(جاری ہے)

مدثر ریا ض ملک نے کہا کہ غیر میعاری کاربونیٹڈ ڈرنکس بیچنے والے محمد کاشف نامی شہری کیخلاف مقدمہ درج کروا دیا گیا ہے اور یہ جعلی مشروبات لاہور کی مختلف چھوٹی بڑی دکانوں اور ریسٹورنٹس پر سپلائی کیے جانے تھے۔ انہوں نے کہا کہ زیادہ منافع کے لالچ میں مضر صحت مشروبات کی تیاری کسی صورت قبول نہیں۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے کہا کہ عوام سے گزارش ہے کہ ملاوٹ و جعلساز مافیا جیسے صحت دشمن عناصر کی اطلاع پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ویب سائٹ، فیس بک پیج اور ہیلپ لائن نمبر 1223 پر دیں۔