سیلاب متاثرین کو امداد کے بجائے ان کا حق مل جائے تو بہتری آجائے گی،علی زہدی

پہلے سندھ کی گندم2ٹانگوں والے چوہے کھا جاتے تھے، آج کل چوہے سیلاب متاثرین کی امداد پر ہاتھ صاف کر رہے ہیں،رہنما پی ٹی آئی

جمعہ 9 دسمبر 2022 17:42

سیلاب متاثرین کو امداد کے بجائے ان کا حق مل جائے تو بہتری آجائے گی،علی ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 دسمبر2022ء) سابق وفاقی وزیر علی زیدی نے کہاہے کہ سیلاب متاثرین کو امداد کے بجائے ان کا جائز حق ہی مل جائے تو بہتری آجائے گی، نوابشاہ اور خیر پور کے سرکاری گوداموں میں گندم کی لاکھوں بوریاں خراب ہو چکی ہیں۔سابق وفاقی وزیر اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی زیدی نے اپنے بیان میں کہاکہ نوابشاہ اور خیر پور کے سرکاری گوداموں میں گندم کی لاکھوں بوریاں خراب ہو چکی ہیں۔

تحریک انصاف کے رہنما نے کہاکہ پہلے سندھ کی گندم2ٹانگوں والے چوہے کھا جاتے تھے، آج کل سندھ کے چوہے سیلاب متاثرین کی امداد پر ہاتھ صاف کر رہے ہیں، اسی وجہ سے سندھ کے سرکاری گوداموں میں گندم پڑے پڑے خراب ہو رہی ہے، یہ گندم سیلاب متاثرین کو نہیں دی گئی، نہ ہی عوام تک پہنچی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین کو امداد کے بجائے ان کا جائز حق ہی مل جائے تو بہتری آجائے گی۔

علی زیدی نے کہاکہ سندھ کا ایک جھوٹا وزیر کہتا ہے کہ صوبے میں آٹا65روپے کلو فروخت ہو رہا ہے، وہ وزیر اعلیٰ ہائوس سے باہر نکل کر دیکھے آٹا 125 روپے کلو فروخت کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ زرداری مافیا نے صوبہ سندھ اور اس کی عوام کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا، یہ کرپٹ مافیا جب تک سندھ پر مسلط ہے سندھ کے حالات نہیں بدل سکتے۔