مضبوط مقامی حکومتیں بہتر سماجی خدمات کو یقینی بناتی ہیں ، اس کے لیے ہمیں مقامی گورننس کے نفاذ کے لیے مضبوط وژن اور عزائم کی ضرورت ہے، عائشہ بانو

جمعہ 9 دسمبر 2022 22:48

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 دسمبر2022ء) پارلیمانی سیکرٹری ہائر ایجوکیشن اور ایم پی اے خیبر پختونخوا اسمبلی عائشہ بانو نے کہا ہے کہ مضبوط مقامی حکومتیں بہتر سماجی خدمات کو یقینی بناتی ہیں اور اس کے لیے ہمیں مقامی گورننس کے نفاذ کے لیے مضبوط وژن اور عزائم کی ضرورت ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں غیر سرکاری تنظیم ایس ڈی پی آئی نے یو ایس ایڈ کے تعاون سے 25ویں پائیدار ترقی کانفرنس (SDC) سے خطاب کرتے ہو ئے کیا،انہوں نے مزید کہا کہ خیبر پختو نخوا حکومت نے مختلف مقامی فریم ورک کے ذریعے صوبے میں تعلیم کی صورتحال کو بہتر کیا ہے۔

رکن صوبائی اسمبلی عنایت اللہ نے کہا کہ لوکل گورننس کا سب سے اہم کام سماجی خدمات کی فراہمی کی نگرانی کرنا ہے جہاں کونسلوں کو تعاون اور صلاحیت کی تعمیر کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر پروگرام ملالہ فنڈ پاکستان جاوید ملک نے بلدیاتی نظام میں سیاسی رکاوٹوں پر روشنی ڈالی۔ ڈاکٹر شاندانہ خان مہمند، کلسٹر لیڈر اور آر ایف، آئی ڈی ایس، یو کے نے مقامی حکومت میں خواتین کی شمولیت کے مسائل کا ذکر کیا اور کہا کہ بالواسطہ انتخابات، احتساب کا فقدان، ہچکچاہٹ کا رویہ اور خواتین کو متحرک کرنا سیاسی خلا میں بنیادی مسائل ہیں۔

صوبائی ایچ ایس اے کے ڈی جی ڈاکٹر سعید گل نے مقامی سطح پر صحت کی خدمات کی فراہمی کو بہتر بنانے کے لیے خیبر پختو نخوامیں ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹیز کے قیام کے بارے میں بتایا گلگت بلتستان کے سکولوں میں پنک بسوں اور کھانے کے پروگرام کے بہترین طریقوں کا ذکر کرتے ہوئے چیف سیکرٹری گلگت بلتستان محی الدین احمد وانی نے مقامی سطح پر کمیونٹی کو متحرک کرنے پر زور دیا