میٹرو بس سروس سٹیشنز کی صفائی بھی یقینی بنا رہے ہیں، سی ای او راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی

منگل 17 جنوری 2023 20:00

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جنوری2023ء) سی ای او راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی احمد نواز گوندل نے کہا ہے کہ شہر کی صفائی کی طرح میٹرو بس سروس سٹیشنز کی صفائی بھی یقینی بنا رہے ہیں، ورکرز کی حاضری اور کام کو مانیٹر کیا جا رہا ہے، عالمی معیار کے اس منصوبے کی صفائی بھی اسی معیار کے مطابق رکھنے کیلئے ہمارے ورکرز ہمہ وقت کوشاں رہتے ہیں، میٹرو بس میں سفر کرنیوالے مسافر بھی راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی طرف سے میٹرو سٹیشنز کی صفائی کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے نظر آتے ہیں، ہمیں بھرپور محنت اور دلجمعی کے ساتھ یہی معیار برقرار رکھنا ہوگا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سینئر افسران سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے صفائی کی صورتحال کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے مزید بہتری لانے کی ہدایات جاری کیں۔

(جاری ہے)

مینجر میٹرو سروس سہیل امتیاز نے صفائی آپریشن پر انہیں تفصیلی بریفنگ دی۔ بعدازاںسی ای او راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی احمد نواز گوندل کی خصوصی ہدایت پر راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی کمیونیکیشن ٹیم نے آگاہی پروگرام کے تحت شہریوں کو صفائی کی اہمیت و افادیت کے حوالے سے آگاہی فراہم کرنے کے لئے پیر کے روز یو سی 77 نیو گلزار قائدکے گلوبل سکول سسٹم میں اساتذہ اور طلباء کو صحتمند معاشرے کے قیام کیلئے صفائی ستھرائی برقرار رکھنے کا پیغام پہنچایا۔

ٹیم کے ارکان نے صفائی آگاہی مہم کے حوالے سے کلاس رومز میں لیکچرز دیتے ہوئے کہا کہ اپنے سکول کے ساتھ ساتھ گھر، گلی، محلے اور بازاروں کی صفائی کا بھی خاص خیال رکھیں، اردگرد کے ماحول کی صفائی سے ہی بیماریوں کے خلاف لڑا جا سکتا ہے۔ سکول میں آگاہی مہم کے بعد کمیونیکیشن ٹیم نے گھر گھر جا کر شہریوں میں صفائی کی اہمیت و افادیت کے حوالے سے پمفلٹس تقسیم کئے اور اس کے ساتھ ساتھ شہریوں کو صفائی کے فوائد اور ا ہمیت سے بھی آگاہ کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :