تمباکو نوشی،منشیات اور ہر قسم کا نشہ حرام،مضر صحت اورقانوناجرم ہے، زینب نقوی

بچے ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں اورمستقبل میں ان کی صحت و تندرستی اور سلامتی کو محفوظ بنانے کیلئے آخری حد تک جدوجہد کریں گے،اسسٹنٹ کمشنر پشاور زینب نقوی

منگل 24 جنوری 2023 20:59

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جنوری2023ء) اسسٹنٹ کمشنر پشاور زینب نقوی نے کہا ہے کہ بچے ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں اورمستقبل میں ان کی صحت و تندرستی اور سلامتی کو محفوظ بنانے کیلئے آخری حد تک جدوجہد کریں گے، تمباکو نوشی،منشیات اور ہر قسم کا نشہ حرام،مضر صحت اورقانوناجرم ہے، لہذا متعلقہ افسران، علماء کرام ، اساتذہ اور پولیس اس کے تدارک کو یقینی بنائیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈائریکٹوریٹ جنرل محکمہ صحت کے کانفرنس روم پشاور میں تمباکو نوشی،شیشہ،حقہ اور ہر قسم کی منشیات کے تدارک کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر کنسلٹنٹ عمیر خان، ڈی ایچ او محمد ادریس،ڈی ایس پی ریاض اللہ خان، پراجیکٹ کوآرڈینیٹر اجمل شاہ،اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ کوآڈینیٹرمحمد ایاز اورمحکمہ تعلیم کے ای ڈی او سخاوت علی شاہ نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں تمباکو نوشی اور دیگر منشیات کے نقصانات کے بارے بتایا گیا کہ تمباکو نوشی کینسر، دل کی بیماریوں اور فالج جیسی مہلک بیماریوں کا باعث بنتی ہے جس سے اپنے آپ اور دوسروں کو بچانا چاہیے۔ اجلاس میں سکولز،کالجز،یونیورسٹیز اور تفریحی جگہوں سمیت اہم عوامی مقامات کے اردگردتمباکو نوشی اور دیگر منشیات پر قابو پانے کے بارے میں آگاہی مہم کے لیے سوشل میڈیا کا سہارا لیا جائے اور طلباء کو منشیات سے بچانے پر خصوصی توجہ دی جائے ۔

ہمارے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لئے یہ اقدام قومی فریضہ ہے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ محکمہ صحت اس حوالے سے باہمی روابط مضبوط بنائیں اور تمام تعلیمی ادارے کے فیس بک، سوشل میڈیا اور پیجز سے تمباکو نوشی کے تدارک کی مہم چلائیں اسی طرح ہر قسم کی منشیات کے خلاف طلبہ کے مابین تقاریری مقابلے، ڈسپلے سٹوری، ڈرامہ اور واک کی شکل میں آگاہی پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ نشے کے نقصانات کا پیغامات دینا چاہیے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ تمام تعلیمی اداروں میں ہفتہ تدارک تمباکو نوشی و منشیات منانے کے لئے اقدامات بھی کئے جائیں اور انہیں بتایا جائے کہ نشہ لعنت ہے اور صحت کی قدر کرنی چاہیے۔