سیالکوٹ ، کاشتکاروں کو بہاریہ مکئی کی ہائبرڈ اقسام کی کاشت فروری کے آخر تک مکمل کرنے کی ہدایت

جمعرات 26 جنوری 2023 12:34

سیالکوٹ ،  کاشتکاروں کو بہاریہ مکئی کی  ہائبرڈ اقسام کی  کاشت  فروری ..
سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جنوری2023ء) محکمہ زراعت سیالکوٹ نے کاشتکاروں کو بہاریہ مکئی کی ہائبرڈ اقسام کی کاشت فروری کے آخر تک مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ترجمان محکمہ زراعت سیالکوٹ نےکہاہےکہ کاشتکار بہاریہ مکئی کی ہائبرڈ اقسام کی کاشت جنوری کے آخری عشرہ سے فروری کےآخر تک مکمل کرلیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ پنجاب میں مکئی تقریبا 20لاکھ ایکڑ رقبہ پر کاشت کی جاتی ہے اور گزشتہ کئی سالوں سے مکئی کی پیداوار میں خاطرخواہ اضافہ ہوا ہے نیزمکئی کی سال میں دو فصلیں کاشت کی جاتیں ہیں جس میں سے پہلی بہار یہ مکئی اور دوسری موسمی مکئی کہلاتی ہے۔

انہوں نے وائی ایچ 1898، ایف ایچ 988، ایف ایچ 1046، وائی ایچ5427 اور وائی ایچ 5482کو مکئی کی منظور شدہ ہائبرڈ اقسام جبکہ گوہر19،ساہیوال گولڈ،سمٹ پاپ،پاپ1،سویٹ1اور ملکہ2016کو مکئی کی عام منظور شدہ اقسام قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ آبپاش علاقوں میں وٹوں پر کاشت کیلئے کاشتکار صاف ستھرا ، خالص اور90فیصد سے زائد روئیدگی رکھنے والا8سے10کلو گرام جبکہ بذریعہ سنگل رو کاٹن ڈرل (صرف بارانی علاقوں میں)12سے 15کلو گرام بیج فی ایکڑاستعمال کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بیج کو ابتدائی مرحلہ میں رس چوسنے والے کیڑوں خصوصا کونپل کی مکھی کے حملہ سے بچانے کیلئے محکمہ زراعت توسیع کے مقامی عملے کے مشورہ سے زہر لگا کر کاشت کرنا چاہیے۔انہوں نے بتایا کہ تھوڑے عرصے کی فصل ہونے کی بنا پر اسے فصلوں کی ترتیب اور ادل بدل میں بآسانی شامل کیا جاسکتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ مکئی کی پیداوار میں اضافہ کی بنیادی وجہ ہائبرڈ بیج اور جدید پیداواری ٹیکنالوجی کا استعمال ہے کیونکہ ہائبرڈ اقسام بہترین پیداواری صلاحیت رکھتی ہیں جس کے ساتھ ساتھ ان دوغلی اقسام میں گرم اور خشک موسمی حالات کو برداشت کرنے کی بہترین صلاحیت ہوتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ہائبرڈ اقسام کی چھلیاں عام طور پر آخری سرے تک دانوں سے بھری ہوتی ہیں نیز ہائبرڈ اقسام کا قددرمیانہ، تنا اور جڑیں مضبوط ہوتی ہیں جس کی وجہ سے یہ زیادہ کھاد برداشت کرلیتی اور گرنے سے محفوظ رہتی ہیں۔