فیصل آباد، کاشتکاروں کوگندم کی فصل کو رسٹ یاکنگی سے بچانے کیلئے حفاظتی اقدامات کی سفارش

جمعرات 26 جنوری 2023 16:03

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جنوری2023ء) زرعی ماہرین نے موسمی حالات اور بارش کی صورت میں گندم کی فصل کو رسٹ یاکنگی سے متاثر ہونے کا خدشہ کے پیش نظر کاشتکاروں کو محکمہ زراعت توسیع و پیسٹ وارننگ کی مشاورت سے پھپھوندی کش زہروں کے استعمال کی ہدایت کی ہے۔محکمہ زراعت توسیع فیصل آباد کے ڈپٹی ڈائریکٹر چوہدری خالد محمود نے بتایا کہ گندم ہمارے ملک کی ایک اہم فصل ہے اورمشاہدے سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ بارشوں کے بعد اس پر رسٹ یا کنگی کا حملہ ہو سکتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ بھوری کنگی کے پھیلاؤکیلئے موزوں ترین درجہ حرارت20 سے25،زرد کنگی کیلئے10 سے20اورسیاہ کنگی کیلئے 20 سے35ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔انہوں نے بتایا کہ بھوری یا خاکی کنگی کا حملہ تقریباً پنجاب کے تمام اضلاع میں یکساں طور پر ہوتا ہے اور بیماری کی وبا پیدا ہونے پر پیداوار میں کمی کا باعث بنتی ہے جبکہ بھوری کنگی بالحاظ نقصان خطرناک ہے نیز بیماری کا حملہ عام طور پر پودے کے پتوں پر ہوتا ہے جس کی وجہ سے خاکی رنگ کے دھبے لائنوں کی بجائے بے ترتیب اور منتشر ہوتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ بڑھوتری کی اگیتی حالت میں حملہ ہونے پر پودے کمزور ہو جاتے ہیں اور پودے کا خوراک بنانے کا عمل متاثر ہوتا ہے اسی طرح بعض اوقات پیداوار میں 50 فیصد تک کمی ہو سکتی ہے۔انہوں نے بتایا کہ گندم پر حملے کی صورت میں فی ایکڑپیداوار میں 10 سے 30 فیصد تک کمی واقع ہوتی ہے جبکہ وبائی حملے کی صورت میں ناقص قوت مدافعت کی اقسام گندم مزید کنگی پھیلا کر بہتر قوت مدافعت کی حامل اقسام گندم پر اثر انداز ہوکر پیداوار میں کمی کا باعث بنتی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ زرد کنگی کا حملہ عام طور پر پنجاب کے شمالی اور کچھ وسطی اضلاع (راولپنڈی تا فیصل آباد) میں زیادہ ہوتا ہے اورعام طور پر اس کا حملہ پتوں پر ہی ہوتا ہے جبکہ انتہائی شدید حملے کی صورت میں سٹے بھی متاثر ہوتے ہیں جس کی پہچان یہ ہے کہ پودے کے پتوں پر زرد رنگ کے چھوٹے چھوٹے دھبے متوازی قطاروں یا لائنوں میں ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ وبائی حملے کی صورت میں اس کا نقصان بھوری کنگی سے کہیں زیادہ ہوتا ہے جبکہ سیاہ کنگی کے حملے کی صورت میں عموماً بھورے یا کالے رنگ کے دھبے پتوں کی ڈنڈیوں یا تنے پر ظاہر ہوتے ہیں جو بعد میں پھٹ جاتے ہیں اور سیاہ رنگ کا سفوف باہر نمودار ہوتا ہے اسلئے کاشتکار گندم کی فصل کا باقاعدگی سے معائنہ کریں اور فصل پرکنگی کے حملہ کی صورت میں پھپھوندی کش زہروں کا استعمال محکمہ زراعت (توسیع و پیسٹ وارننگ) کے مقامی فیلڈ عملہ کے مشورہ سے کریں۔