انتہا پسندی کے خاتمے کے لیے صوفیا کے درسِ محبت کو عا م کرنے کی ضرورت ہے۔ ڈاکٹر طاہر رضا بخاری

جمعہ 27 جنوری 2023 20:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جنوری2023ء) ڈائریکٹر جنرل اوقاف پنجاب ڈاکٹر طاہر رضا بخاری نے کہا ہے کہ انتہا پسندی کے خاتمے کے لیے صوفیا کے درسِ محبت کو عا م کرنے کی ضرورت ہے۔خواجہ معین الدین چشتی نے شرفِ انسانیت اور تکریم آدمیت کا درس دیا اوربرصغیر میں عظیم ترسماجی انقلاب کی بنیاد رکھی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز داتا دربار پر خواجہ اجمیر قومی تصوف کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ خواجہ معین الدین چشتی اخوت، مساوات،بھائی چارے اور انسان دوستی کے امین تھے۔محکمہ اوقاف کے زیر اہتمام منعقدہ اس دو روزہ عظیم الشان کانفرنس میں حضرت خواجگان کی خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔اس موقع پر موٹیویشنل سپیکر سید قاسم علی شاہ، ڈاکٹر غلام معین الدین نظامی ڈین فیکلٹی آف اورینٹل لرننگ پنجاب یونیورسٹی لاہور، مفتی محمد رمضان سیالوی خطیب داتا دربار، الشیخ فضل بن محمد القیروانی التونسی (تیونس)، الشیخ سید اسرار الحسن شاہ (برطانیہ) نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ برصغیر کے صوفیا کی خانقاہیں بہبودِ انسانی کے مراکز ہیں،صوفیا نے اسلام کی تبلیغ اپنے اخلاق کے ذریعے کی۔