چین کا مسئلہ فلسطین کے حل کے لئے کو ششیں جا ری رکھنے کا اعلان

اتوار 29 جنوری 2023 15:40

بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جنوری2023ء) چین نے مشرق وسطیٰ کی حالیہ صورتحال میں کشیدگی کے حوالے سے کہا ہے کہ چین، فلسطین اور اسرائیل کے درمیان حالیہ کشیدگی پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے اور تصادم میں عام شہریوں کی ہلاکتوں پر دکھ کا اظہار کرتا ہے۔ چین عام شہریوں کے خلاف ہر قسم کے دہشت گرد حملے کی سخت مذمت کے ساتھ ساتھ فوجی طاقت کے غلط استعمال کی بھی مخالفت کرتا ہے۔

(جاری ہے)

چینی میڈیا کے مطابق وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ اس وقت کشیدگی میں کمی ، وقت کا تقاضہ ہے اور چین متعلقہ فریقوں بالخصوص اسرائیل سے درخواست کرتا ہے کہ وہ صبر و تحمل سے کام لے اور صورتحال کو بے قابو ہونے سے روکے۔چینی وزارت خارجہ نے مزیدکہا کہ فلسطین اور اسرائیل کے درمیان بار بار تصادم کی بنیادی وجہ ’’دو ریاستی فارمولے‘‘ پر عمل پیرا نہ ہونا اور خودمختار مملکت کے قیام کے حوالے سے فلسطینی عوام کی دیرینہ جائز خواہش کی عدم تکمیل ہے۔عالمی برادری کو فلسطین اور اسرائیل کے درمیان مذاکرات کی بحالی کے لئے ماحول فراہم کرنا چاہیے اور اس سلسلے میں چین مسئلہ فلسطین کے منصفانہ اور پائیدار حل کےلئے اپنی انتھک کوششیں جاری رکھے گا۔