پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا

عالمی مارکیٹ میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم ہو رہی ہیں، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کو کالعدم قرار دینے کا حکم دیا جائے۔درخواستگزار کی استدعا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان پیر 30 جنوری 2023 11:09

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا ..
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 30 جنوری 2023ء ) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا۔جوڈیشل ایکٹیو ازم پینل کے وکیل اظہر صدیق نے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ عالمی مارکیٹ میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم ہو رہی ہیں۔عالمی مارکیٹ کے برعکس ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھا دی گئی ہیں۔

درخواست گزار کی جانب سے عدالت سے استدعا کی گئی کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کو کالعدم قرار دینے کا حکم دیا جائے۔دوسری جانب وزارت خزانہ نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔اتوار کو اسلام آباد سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں35 روپے فی لٹر اضافہ کیا گیا ہے، اور نئی قیمت 249 روپے 80 پیسے مقرر کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

اسی طرح ڈیزل کی قیمت میں بھی 35 روپے اضافے کے بعد اسکی قیمت 262 روپے 80 پیسے فی لٹر مقرر کی گئی ہے۔مٹی کے تیل کی قیمت 18 روپے فی لٹر اضافے کے بعد 189 روپے 83 پیسے مقرر کی گئی ہے۔ لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 18 روپے اضافہ کیا گیا اور نئی قیمت 187 روپے فی لٹر مقرر کی گئی ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق دن 11 بجے سے ہو ا۔

جبکہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد شہری بھی پھٹ پڑے ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ نے عام آدمی کی زندگی اجیرن بنادی ہے۔ٴْغیر ضروری اخراجات اور کرپشن نے معاشی طورپر ملک کو تباہی کے دھانے پر پہنچا دیا ہے۔شہریوں میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئے روز پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ سے عام عادمی نان شبینہ کا محتاج ہوکر رہ گیا ہے۔