شیخ رشید احمد کو گرفتار کر لیا گیا

بھتیجے شیخ راشد شفیق نے پاکستان عوامی مسلم لیگ کے سربراہ کی گرفتاری کی تصدیق کر دی، سابق وفاقی وزیر کو نجی ہاوسنگ سوسائٹی میں واقع ان کے گھر سے گرفتار کیا گیا

muhammad ali محمد علی جمعرات 2 فروری 2023 02:05

شیخ رشید احمد کو گرفتار کر لیا گیا
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 فروری2023ء) شیخ رشید احمد کو گرفتار کر لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر شیخ رشید احمد کو پولیس کی جانب سے گرفتار کر لیا گیا۔ اے آر وائی نیوز کے مطابق بھتیجے شیخ راشد شفیق نے شیخ رشید احمد کی گرفتاری کی تصدیق کر دی۔ بتایا گیا ہے کہ سابق وفاقی وزیر کو نجی ہاوسنگ سوسائٹی میں واقع ان کے گھر سے گرفتار کیا گیا، تاہم تاحال یہ معلوم نہیں کہ انہیں کس الزام میں گرفتار کیا گیا، نہ ہی یہ معلوم ہو سکا کہ انہیں پولیس کس تھانے لے گئی۔

اس سے قبل بدھ کے روز اسلام آباد ہائیکورٹ نے شیخ رشید کی تھانہ آبپارہ طلبی کا نوٹس معطل کر دیا تھا۔ بدھ کو شیخ رشید کی پولیس اسٹیشن طلبی کے خلاف درخواست پر سماعت کے دوران عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید وکلا کے ساتھ عدالت میں پیش ہوئے، شیخ رشید کے وکیل نے پولیس کے نوٹس اور مقدمہ اندراج کی درخواست پڑھ کر سنائی۔

(جاری ہے)

عدالت نے کہا کہ آئی جی اسلام آباد کسی سینئر افسر کو مقرر کریں جو 6 فروری کو ریکارڈ کے ساتھ پیش ہو، جسٹس طارق محمود جہانگیری نے شیخ رشید کی درخواست پر نوٹس جاری کیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہا کہ درخواست ایس ایس پی آپریشن کے نام کیسے دی جا سکتی ہے؟ مقدمہ اندراج کی درخواست تو پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او کے نام ہوتی ہے۔عدالت نے شیخ رشید کے وکیل کو ضابطہ فوجداری کی دفعہ 60 پڑھنے کی ہدایت کی۔شیخ رشید کے وکیل نے کہا کہ اگر مقدمہ درج ہو جاتا تو تفتیش کیلئے پیش ہونے کا نوٹس دیا جا سکتا تھا، نئی روایت بنائی جا رہی ہے کہ پولیس ایف آئی آر درج ہونے سے قبل تفتیش کیلئے بلا رہی ہے، پولیس نے آفیشل اکانٹ سے ٹوئٹ کیا کہ شیخ رشید کو پیش ہونے کیلئے مزید مہلت دی جا رہی ہے۔

بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ عدالت نے میرے پولیس طلبی کے نوٹس کو معطل کر دیا گیا ہے۔انہوں نے کہاکہ عدالت نے آئی جی اسلام آباد کو 6 تاریخ کو طلب کر لیا ہے۔شیخ رشید نے کہا کہ عدالت نے کہا ہے کہ اس طرح کے نوٹس کا کوئی جواز نہیں بنتا۔