لوبیا کی بہاریہ کاشت 15تا 28فروری تک مکمل کرنے کی ہدایت

جمعہ 3 فروری 2023 12:51

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 فروری2023ء) ریسرچ انفارمیشن یونٹ ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آبادنے کاشتکاروں کو لوبیا کی بہاریہ کاشت 15فروری سے شروع کر کے 28فروری تک مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ انہوں نے بتایاکہ لوبیا کی فصل ہر قسم کی زمین پر کاشت کی جاسکتی ہے لیکن اس کی اچھی پیداوار حاصل کرنے کیلئے زرخیز میرا زمین جس میں پانی کے نکاس کا خاطر خواہ انتظام ہواچھی رہتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ کاشتکار زمین کو تیار کرنے کیلئے وتر کی حالت میں دویا تین بار ہل چلا کر ہموار کرلیں اور اس کے بعد آبپاشی کرکے راؤنی کردیں اورزمین کوزرخیز بنانے کیلئے مناسب وتر کی حالت میں فی ایکڑ ایک بوری ڈی اے پی کھاد ڈال کر دوبارہ ہل چلائیں اور اس کے بعد سہاگہ دے دیں۔انہوں نے کہاکہ کاشتکار سہاگہ کے بعد تر وتر میں ڈرل کے ذریعے لوبیا کی کاشت کریں اور قطاروں کا فاصلہ 50،50 سینٹی میٹر رکھیں۔ انہوں نے بتایا کہ لوبیا کی بہاریہ فصل کیلئے شرح بیج موٹے بیج والی اقسام کیلئے 14سے15 کلوگرام فی ایکڑ اور چھوٹے بیج والی اقسام کا10سے12 کلوگرام فی ایکڑ ہے۔انہوں نے کہاکہ کاشتکاروں کو چاہیے کہ وہ محکمہ زراعت کے ماہرین کی سفارشات پر عمل کرتے ہوئے زیادہ پیداوار حاصل کریں۔

متعلقہ عنوان :