شہری مسائل کے حل کے لئے سول سوسائٹی الائنس کی درخواست پر سندھ ہائی کورٹ نے متعلقہ حکام كو نوٹس جاری کر دیئے

بدھ 8 فروری 2023 18:20

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 فروری2023ء) سکھر میں شہری مسائل کے حل کے لئے سول سوسائٹی الائنس کی درخواست پر سندھ ہائی کورٹ سکھر بنچ نے محکمہ پبلک ہیلتھ ، سکھر میونسپل اور دیگر متعلقہ فریقین کو نوٹسز جاری کردئیے ۔ سول سوسائٹی الائنس کے چیئرمین بیرسٹر خان عبدالغفار خان کی جانب سے شہر میں نکاسی آب کے نظام کی بہتری اور میونسپل کارپوریشن کے فنڈز سمیت دیگر شہری مسائل پر سندھ ہائیکورٹ سکھر بنچ میں پٹیشن دائر کی تھی ۔

(جاری ہے)

سندھ ہائی کورٹ سکھر کے دو ركنی بنچ نے پٹیشن کی سماعت کی ۔ دورکنی ڈویژن بنچ جسٹس صلاح الدین پنہور اور جسٹس عبدالمبین لاکھو پر مشتمل تھی۔ مذکورہ رٹ پٹیشن میں سیکرٹری پبلک ہیلتھ، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ، ڈپٹی کمشنر سکھر، ایگزیکٹو انجینئر پبلک ہیلتھ سکھر اور ایڈمنسٹریٹر سکھر میونسپل کارپوریشن كو فریق بنایا گیا ہے ۔ عدالت نے فریقین کو نوٹسز جاری کر دیئے ہیں اور انکوائری کر کے عدالت میں رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا ہے ۔