دوران پرواز بھارتی شہری کی جانب سے مسافر پر پیشاب کرنے کا دوسرا واقعہ

پیر 6 مارچ 2023 21:22

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 مارچ2023ء) دوران پرواز بھارتی شہری کی جانب سے ساتھی مسافر پر پیشاب کرنے کا دوسرا واقعہ سامنے آیا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق ائیر انڈیا کی نیویارک سے دہلی جانے والی فلائٹ میں 26 نومبر کو شنکر مشرا نامی شخص نے ایک 70 سالہ خاتون پر مبینہ طور پر پیشاب کیا تھا۔ ملزم مبینہ طور پر شراب کے نشے میں تھا، متاثرہ خاتون کی شکایت پر 4 جنوری کو نئی دہلی میں ایف آئی آر درج کی گی اور 7 جنوری 2023 کی رات دہلی پولیس نے ملزم شنکر مشرا کو بنگلور سے گرفتارکیا۔

ائیر انڈیا کے اس طیارے میں تعینات کیبن کریو نے بھی معاملے کو اتنے دنوں تک چھپا کر رکھا جس پر سوشل میڈیا پر کافی تنقید کی گئی تھی۔اب اسی نوعیت کا ایک اور واقعہ سامنے آگیا ہے جس میں ایک بھارتی طالب علم ملوث ہے۔

(جاری ہے)

اطلاعات کے مطابق امریکی کالج میں زیر تعلیم بھارتی طالب علم 21 سالہ آریان ووہرا کو بزنس کلاس کے ایک مسافر پر پیشاب کرنے اور طیارے کے عملے کے ساتھ بدسلوکی کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا ہے۔

یہ واقعہ امریکن ائیرلائنز کی نیویارک سے نئی دہلی جانے والی پرواز میں پیش آیا۔ بھارتی نشریاتی ادارے اے این آئی کے مطابق نیویارک کے جان ایف کینیڈی ائیرپورٹ سے اڑان بھرنے والے طیارے نے جب نئی دہلی کے اندرا گاندھی انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر لینڈ کیا تو پولیس نے آریان کو گرفتار کیا۔اس حوالے سے امریکن ائیرلائنز کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ا?ریان نشے کی حالت میں تھا اور مسلسل کیبن کریو کی ہدایات کو نظر انداز کر رہا تھا۔

ائیرلائن کے مطابق ’وہ آپریٹنگ کریو کے ساتھ مسلسل بحث کر رہا تھا، اپنی نشست پر بیٹھنے کو ؐ تیار نہ تھا، اپنی حرکتوں سے دیگر مسافروں اور طیارے کی سلامتی کو خطرے میں ڈال رہا تھا، بالا آخر اس نے ایک مسافر پر پیشاب کردیا۔‘دہلی پولیس کے ڈپٹی چیف دیویش کمار نے میڈیا کو بتایا کہ حراست میں لیے جانے کے بعد بھی وہ بدتمیزی کر رہا تھا۔ آریان کیخلاف سخت کارروائی کی جائے گی تاکہ ا?ئندہ کوئی ایسی حرکت نہ کرے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ جس شخص پر پیشاب کیا گیا وہ امریکی شہری ہے جو بزنس کلاس میں سفر کر رہا تھا، اس نے شکایت درج نہیں کرائی ہے تاہم پھر بھی آریان کیخلاف سول ایوی ایشن ایکٹ کے تحت فلائٹ سیفٹی کو خطرے میں ڈالنے کے الزام میں مقدمہ چلایا جائے گا۔ آریان پر امریکن ائیرلائنز کی پرواز میں سفر کرنے پر مستقل پابندی بھی عائد کردی گئی ہے۔