قدرت نے جو صلاحتیں، خوبیاں اور ہنر پاکستانی قوم کو دی ہیں وہ دُنیاکی کسی اور قوم میں نہیں، چیئرمین ایچ ای سی پروفیسر ڈاکٹر مختار احمد

اتوار 12 مارچ 2023 15:00

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 مارچ2023ء) چیئرمین ہائیر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد پروفیسر ڈاکٹر مختار احمد نے کہا ہے کہ جس قوم کے اساتذہ اور امام اپنے فرائض اور ذُمہ داریاں بھول جائیں اُن کے لئے ترقی خواب بن جاتی ہے۔ قدرت نے جو صلاحیتیں، خوبیاں اور ہنر پاکستانی قوم کو دی ہیں وہ دنیاکی کسی اور قوم میں نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونیورسٹی آف سرگودھا کے ملک فیروز خان نون بزنس سکول میں اساتذہ اور انتظامی افسران سے خصوصی سیشن بعنوان ”اعلیٰ تعلیم کو درپیش چیلنجز اور ان کے حل کے لئے بہتر اقدامات“ سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس، وائس چانسلر یونیورسٹی آف میانوالی پروفیسر ڈاکٹر اسلام اللہ خان، سرگودھا یونیورسٹی کے ڈین، سینئر اساتذہ، پروفیسر، پرنسپل، ڈائریکٹرز، اعلیٰ انتظامی افسران اور تمام شعبہ جات کے اساتذہ بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

پروفیسر ڈاکٹر مختار احمد نے کہا کہ ہمیں بحیثیت یونیورسٹی کے اساتذہ ہونے پر فخر ہونا چاہیئے کہ ہم شعبہ پیغمبری سے وابستہ ہیں اور ہمیں یہ فکر اپنانی ہے کہ کس طرح موجودہ اور آنے والی نسل کے لئے کیا آسانیاں اور بہتری پیدا کرنی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے اسی دور میں عروج حاصل کیا جب ہم ایجادات و دریافت کی دنیا میں مگن رہے اورہمارا زوال اس وقت شروع ہوگیا جب مسلمانوں نے جدید تعلیم سے کنارہ کشی اختیار کی۔ پروفیسر ڈاکٹر مختار احمد نے کہا کہ اس وقت جدید علوم سے روگردانی کے سبب ہم تنزلی کی طرف جارہے ہیں تاہم مجھے امید ہے کہ وہ سحر دور نہیں جس کا ہم سب کو انتظار ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت ہمارے پاس پورے ملک میں 250 یونیورسٹیاں اور 2500 مدارس ہیں جن کو اس وقت درست سمت اور رہنمائی فراہم کرنا ہے۔ مدارس کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ہمارے مدارس فروغ علم کے ساتھ جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس دنیا کے اچھے اساتذہ اور ماہرین موجود ہیں جس کی سب سے بڑی مثال مغربی ممالک کی طرف سے جاری کردہ اعلیٰ تعلیم کے لئے سکالرشپ کے لئے پاکستان سرفہرست رہا۔

پروفیسر ڈاکٹر مختار احمد نے تعلیمی و تحقیقی ترقی کی مثال واضح کرتے ہوئے کہا کہ صرف 20 برسوں میں ہماری ریسرچ پبلی کیشنز کی تعداد 8000 سے بڑھ کر 30000 ہوچکی ہے جو کہ ہماری بہت بڑی کامیابی ہے اور ہماری یونیورسٹیاں اس وقت معاشی اور انتظامی حوالے سے جو کامیاب پراجیکٹس بنا رہی ہیں ان کی ہر وقت اور ہر موقع پر حوصلہ افزائی کی جارہی ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر مختار احمد نے اس موقع پر یونیورسٹی آف سرگودہا کے سابق وائس چانسلرز اور موجودہ وائس چانسلر کے حوالے سے اپنے خصوصی اور تعریفی کلمات میں کہا کہ یونیورسٹی آف سرگودھا اس حوالے سے بہت خوش قسمت ہے کہ اسے پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس جیسے عظیم استاد اور انتظامی امور کے ماہر وائس چانسلر کی خدمات میسر ہوئی ہیں اور بہت جلد سرگودھا یونیورسٹی کو ہر حوالہ سے اپ گریڈ کرنے کیلئے پراجیکٹس اور وسائل فراہم کئے جائیں گے۔

قبل ازیں خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے کہا کہ وہی طالب علم، اساتذہ اور معاشرے کامیابی کے زینے طے کرتے ہیں جو اپنی توجہ علم کے ساتھ ساتھ تحقیق، ایجادات و دریافت پر دیں اور اس وقت ہماری خوش قسمتی ہے کہ ہمارے درمیان اعلیٰ تعلیم کا ایک ایسا روشن ستارہ موجود ہے جس کی بتائی ہوئی سمت اور رہنمائی ہماری یونیورسٹی کے لئے بہت مفید و معاون ثابت ہوگی۔ پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے اس موقع پر یرنیورسٹی آف سرگودھا میں جاری تعلیمی‘ تحقیقی و تعمیراتی حوالوں کے متعلق بریفنگ دی۔