بجلی کی پیداوار میں 8 ماہ کے دوران 7.1 فیصد کمی

منگل 21 مارچ 2023 11:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مارچ2023ء) ملک میں بجلی کی پیداوار میں جاری مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں سالانہ بنیادو ں پر 7.1 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ نیپرا اور عارف حبیب ریسرچ کے اعدادوشمار کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں ملک میں 84840 گیگاواٹ آورز بجلی کی پیداوار حاصل ہوئی جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 7.1 فیصد کم ہے۔

گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ملک میں 91281 گیگاواٹ آورز بجلی کی پیداوار حاصل ہوئی تھی۔ فروری میں ملک میں 7756 گیگاواٹ آورزبجلی کی پیداوار حاصل ہوئی تھی جو گزشتہ سال فروری کے مقابلہ میں 4.1 فیصد کم ہے۔ گزشتہ سال فروری میں ملک میں 8088 گیگاواٹ آورزبجلی کی پیداوارحاصل ہوئی تھی جو رواں سال فروری میں 7756 گیگاواٹ آورزریکارڈکی گئی۔

(جاری ہے)

اعدادوشمار کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں مجموعی بجلی کی پیداوار میں پن بجلی کا حصہ 29.4 فیصد ریکارڈکیاگیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 26.9 فیصد تھا ۔

جوہری ذرائع سے بجلی کی پیداوار کا تناسب 19.7 فیصد ریکارڈ کیاگیا جو گزشتہ سال 12.4فیصد تھا۔ آر ایل این جی کا حصہ 14.7 فیصد ریکارڈکیاگیا جو گزشتہ سال 17.1 فیصد تھا۔ کوئلے سے بجلی کی پیداوار کا تناسب 15.4 فیصد ریکارڈکیا گیا جو گزشتہ سال 19.6 فیصد تھا۔ گیس سے بجلی کی پیداوار کا تناسب 11.5 فیصد ریکارڈکیاگیا جو گزشتہ سال 10.4 فیصد تھا۔ اعدادوشمار کے مطابق بجلی کی پیداوار ی اخراجات میں جاری مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں سالانہ بنیادوں پر 18.6فیصد کی نمو ریکارڈکی گئی ہے۔\395