Live Updates

مینار پاکستان کے ناکام جلسے سے عمران خان کی نام نہاد مقبولیت کا بت پاش پاش ہو گیا ‘ سیف الملوک کھوکھر

مینار پاکستان جلسی نے تمہیں آئینہ دکھا دیا ہے تمہاری سیاسی اوقات کیا ہے ‘صدر مسلم لیگ (ن) کی کارکنوں سے گفتگو

اتوار 26 مارچ 2023 14:05

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مارچ2023ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) لاہور کے صدر ملک سیف الملوک کھوکھر نے کہا ہے کہ مینار پاکستان کے ناکام جلسے سے عمران خان کی نام نہاد مقبولیت کا بت پاش پاش ہو گیا ہے ،مینار پاکستان جلسی نے تمہیں آئینہ دکھا دیا ہے کہ تمہاری سیاسی اوقات کیا ہے ،رمضان المبارک کے بابر کت مہینے میں تم عوام کو عبادت کے بجائے اپنے سیاسی مفادات کے لیے استعمال کر رہے ہو ،اس طرح کے ہتھکنڈوں سے تم اپنی مقبولیت نہیں بڑھا سکتے ،عوام کو بھی پتہ چل گیا ہے کہ تم نے اپنے دور اقتدار میں عوام کو سوائے جھوٹ کے اور کچھ نہیں دیا ،ملک کی بربادی خود کرتے ہو اور ملبہ سیاسی مخالفین پر ڈالتے ہو ،تم کھلاڑی نہیں بلکہ اناڑی اور فسادی ہو جس نے ملک کی معیشت کی چولیں ہلا دی ہیں۔

(جاری ہے)

مرکزی آفس میں کارکنوں کے ساتھ میٹنگ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ملک سیف الملوک کھوکھر نے کہا کہ عمران خان نے مینار پاکستان پر جو اجتماع کیا اسے جلسہ کہنا بھی سیاسی جدوجہد کرنے والوں کی توہین ہے ،پہلے یہ سائفر کا رونا روتا رہا اور اب یہ جلسوں میں اپنا رونا روتا ہے ،جھوٹے خان تم پہلے ہی نا اہل ہو تمیں مزید نا اہل میں کیوں توانائیاں صرف کی جائیں ۔

اسمبلیوں سے خود نکل کر آج الیکشن کا رونا روتا ہے ،اسے خود نہیں پتہ ہوتا کیا کہہ رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ عوام کو خوشحالی کے خواب دکھا کر ایک وقت کی روٹی سے محروم کر دینے والے کو عوام دوبارہ کبھی اقتدار میں نہیں لائیں گے ،لاڈلا یہ جان لے اب اسے کوئی بیساکھی میسر نہیں آئے گی ،پاکستان مسلم لیگ (ن)عوامی نمائندہ جماعت ہے ، ان شا اللہ جلد مسلم لیگ (ن)پوری آب و تاب کے ساتھ عوام کے درمیان ہوگی ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات