Live Updates

ڈاکٹرمصدق ملک سے نیپالی سفیرکی ملاقات ،دوطرفہ تعلقات سمیت مختلف امورپرتبادلہ خیال

منگل 13 مئی 2025 16:28

ڈاکٹرمصدق ملک سے نیپالی سفیرکی ملاقات ،دوطرفہ تعلقات سمیت مختلف امورپرتبادلہ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مئی2025ء)وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی ڈاکٹر مصدق ملک سے نیپال کی سفیر ریتا دھیتال نے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات سمیت مختلف امورپر تبادلہ خیال کیا گیا وفاقی وزیر نے گفتگو کے دوران اس امر پر زور دیا کہ پاکستان ایک طویل عرصے سے دہشت گردی اور بلاجواز جارحیت کا نشانہ رہا ہے، پاکستان، وقار اور اصولی مقف کے ساتھ، ہمیشہ امن کا خواہاں رہا ہے۔

تاہم، امن کی خواہش کو کسی طور کمزوری نہ سمجھا جائے۔ پاکستان اپنی دفاعی استعداد کا مظاہرہ متعدد مواقع پر مثر انداز میں کر چکا ہے۔انہوں نے حالیہ کشیدگی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس تنازعے میں دونوں جانب قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع ہوا، جو محض بھارت کی جانب سے خطے میں بالادستی قائم کرنے کی ناکام کوشش کا نتیجہ تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان اس امر پر مطمئن ہے کہ خطے میں امن بحال ہو چکا ہے۔

سفیر نیپال نے اس موقع پر پاکستان کو درپیش داخلی و خارجی چیلنجز کا ادراک کرتے ہوئے، دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کے خاتمے پر اطمینان کا اظہار کیا۔انہوں نے موسمیاتی تحفظ کے شعبے میں پاکستان کے قائدانہ کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان عالمی سطح پر ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے ایک متحرک اور ذمہ دار ریاست کے طور پر سامنے آیا ہے۔

محترمہ ریتا دھیتال نے وفاقی وزیر کو نیپال میں منعقد ہونے والے ایک علاقائی ماحولیاتی مکالماتی فورم کے افتتاحی اجلاس میں شرکت کی دعوت دی۔ اجلاس کے اختتام پر ایک غیر پابند اعلامیہ جاری کیا جائے گا۔ اس فورم میں جنوبی ایشیا سمیت مختلف ممالک کے وزرائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی تحفظ شرکت کریں گے۔دونوں فریقین نے موسمیاتی تبدیلی کو موجودہ دور کا ایک اہم ترین عالمی مسئلہ قرار دیتے ہوئے اس سے نمٹنے کے لیے قریبی علاقائی تعاون اور مشترکہ حکمتِ عملی کی ضرورت پر زور دیا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات