ام المومنین عائشہ صدیقہ ؓ کا یوم وفات ہفتے کوانتہائی عقیدت و احترام سے منایا جائے گا

جمعہ 7 اپریل 2023 12:04

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اپریل2023ء) ام المومنین عائشہ صدیقہ ؓ کا یوم وفات کل (17رمضان المبارک،8 اپریل )ملک بھر میں نہایت عقیدت و احترام سے منایا جائے گا۔ نبی کریم ؐ کو آپ سے بے حد محبت تھی ، آپ بہت بڑی فقیہہ اور سینکڑوں احادیث کی حافظہ تھیں۔آپ ؓ کو کم و بیش 10سال تک فخر موجودات، سرورکائنات، سرکار دوعالم، نبی آخر الزماں حضرت محمد مصطفی ؐ کے ساتھ رہنے کا شرف حاصل ہوا۔

آپ ؓ اخلاق حسنہ میں بھی سب سے ممتاز تھیں اور آپ ؓ نے بڑی تعداد میں غلاموں کو آزاد کروایا۔ ام المومنین عائشہ صدیقہ ؓ کے یوم وفات کے موقع پرفیصل آباد ڈویژن کے چاروں سمیت ملک بھر کے تمام شہروں میں سیمینارز، کانفرنسز اور خصوصی تعزیتی تقریبات کا بھی اہتمام کیا جائے گا جن میں علمائے کرام، مشائخ عظام، مذہبی دانشور اور دیگرا ہم دینی شخصیات آپ ؓ کی سیرت و کردار اور حیات طیبہ پر تفصیلی روشنی ڈالیں گی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر الیکٹرانک میڈیا پر خصوصی پروگرامات نشر کئے جائیں گے جبکہ پرنٹ میڈیا بھی خاص مضامین کی اشاعتوں کا اہتمام کرے گا۔ آپ ؓ نے 17رمضان المبارک 58ھ کو 67سال کی عمر میں وصال فرمایا۔ آپ ؓ کی وصیت کے مطابق نماز جنازہ معروف صحابی حضرت ابو ہریرہ ؓ نے پڑھائی اور آپ ؓ کو جنت البقیع میں سپرد خاک کر دیا گیا۔