جناح ہائوس حملے میں ملوٹ ہونے کا پراپیگنڈا غلط ، تصویر جعلی ثابت ہوئی تو شیخ رشید کو معافی مانگنی ہو گی ، میاں عبدالرئوف

میری اسلام آباد ہائی کورٹ پیشی کی تصویر اٹھا کر اسے سافٹ وئیر کے ذریعے کسی نامعلوم شخص کے ساتھ جوڑا گیا، مرکزی رہنما (ن) لیگ

پیر 22 مئی 2023 18:22

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2023ء) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما میاں عبد الرئوف نے کور کمانڈر حملے سے متعلق پروپیگنڈہ پر وضاحتی بیان دیتے ہوئے سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کو چیلنج کیا ہے کہ میری تصویر کی کسی فرانزک لیبارٹری سے تصدیق کروا لیں اگر مجرم ہوا تو گرفتاری دے دوں گا۔ انہوںنے اپنے بیان میں کہا کہ میرے خلاف پی ٹی آئی نے جھوٹا پروپیگنڈہ شروع کررکھا ہے جس کی مذمت کرتاہوں، میری اسلام آباد ہائی کورٹ پیشی کی تصویر اٹھا کر اسے سافٹ وئیر کے ذریعے کسی نامعلوم شخص کے ساتھ جوڑا گیا، پی ٹی آئی میری تصویر لگاکر بدنام کررہی ہے کہ 9مئی کو کورکمانڈر پر حملے میں ملوث ہوں، شیخ رشید ،پی ٹی آئی کے سوشل میڈیاورکرز اور یوٹیوبرز میرے خلاف جھوٹے ٹوئٹس اور پروگرام کررہے ہیں ، شیخ رشید کو چیلنج کرتا ہوں کہ میری تصویر کی کسی فرانزک لیبارٹری سے تصدیق کروا لیں اگر مجرم ہوا تو گرفتاری دیدوں گا۔

(جاری ہے)

میاں عبد الرئوف نے کہا کہ اگر 9مئی کو جناح ہائوس میں حملے میں تحقیقات کے بعد ثابت ہوا تو قوم اور فوج سے معافی مانگ کر ہمیشہ کے لئے سیاست کو خیر باد کہہ دوں گا ،اگر فرانزک لیبارٹری سے میری تصویر جعلی ثابت ہوگئی تو شیخ رشید کو قوم سے معافی مانگنی ہوگی، شیخ رشید پر میری تصویر والا جھوٹ ثابت ہوجائے تو انہیں چاہئے کہ وہ سیاست سے علیحدہ ہوجائیں۔