شہدا کی تعظیم دینی اقدار میں اہمیت کی حامل ہے، محفوظ النبی

سندھ میں بلدیات کے دوسرے مرحلے کے انتخابی عمل کو شفاف بنایا جائے، سٹیزن کونسل

بدھ 24 مئی 2023 22:35

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مئی2023ء) شہدا کی تعظیم و تکریم دینی اقدار میں خصوصی اہمیت کی حامل ہے اور اسی تناظر میں پاکستانی قوم بھی شہدا کی عظیم قربانیوں کو احترام و قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے ان تاثرات کا اظہار سول سوسائٹی کے نمائندوں کے اتحاد کراچی سٹیزن کونسل کے صدر، سیاسی و سماجی رہنما محفوظ النبی خان نے اپنے آفس میں پیر سید فراصت علی شاہ، فرحت اللہ قریشی، عابد علی، ولی الرحمن عثمانی و دیگر سے گفتگو کرتے ہوئے کیا محفوظ النبی خان نے کہا کہ قوم اپنی سیاسی وابستگی سے بالا تر ہو کر یوم تکریم شہدائے پاکستان منائے اور شہدا کے درجات کی بلندی کے لئے اجتماعی دعائیہ اجتماعات منعقد کرے اس موقع پر انہوں نے سندھ میں بلدیات کے دوسرے مرحلے کے انتخابی عمل کو مکمل صاف و شفاف اور آزادانہ بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ بلدیاتی ادارے سیاسی پلیٹ فارم نہیں ہوتے بلکہ اختیارات کی بنیادی سطح تک منتقلی کا ذریعہ ہوتے ہیں جبکہ مقامی حکومتیں شہریوں کی فلاح و بہبود اور ان کے روزمرہ کے سماجی مسائل کو گھر کی دہلیز پر حل کرنے کا بھی موثر ذریعہ ہوتی ہیں۔