اسلام امن ،سلامتی کا مذہب ،اعتدال ،میانہ روی کا درس دیتا ہے،مولانا حامد الحق حقانی

ماہ مقدس میں تمام مسالک کے علماء و خطباء امن و امان برقرار رکھنے کیلئے کردار ادا کریں ، اجتماع سے خطاب

جمعہ 21 جولائی 2023 23:02

نوشہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جولائی2023ء) امیر جے یو آئی (س) ، چیئرمین دفاع پاکستان کونسل و جامعہ دارالعلوم حقانیہ کے نائب مہتمم مولانا حامد الحق حقانی نے ملک بھر کے علماء کرام و خطباء حضرات کو محرم الحرام میں پر امن فضاء برقرار رکھنے کی اپیل کی ہے۔جامعہ دارالعلوم حقانیہ میں نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ دین اسلام امن و سلامتی کا مذہب ہے اسلام اعتدال اور میانہ روی کا درس دیتا ہے۔

(جاری ہے)

امام حسین رضی اللہ عنہ کی عظیم شہادت جہاں باطل کے سامنے حق پر ثابت قدم رہنے کا عظیم پیغام دیتی ہے وہی صبر و تحمل و برداشت کا درس دیتی ہے۔مولانا حامد الحق حقانی نے تمام مسالک کے علماء و قائدین سے اپیل کی کہ وہ ماہ محرم کے دوران منعقد ہونے والے اجتماعات اور جلوسوں میں اپنے واعظین کو اختلافی موضوعات پر گفتگو سے روکے اس کے علاوہ مقدسات اسلام کے متعلق گستاخانہ گفتگو کی اجازت کسی بھی طور پر نہ دی جائے۔ مولانا حامد الحق حقانی نے تمام مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ ماہ محرم میں امن و امان برقرار رکھنے کے لئے حکومت و انتظامیہ سے بھر پور تعاون کریں۔