سعودی عرب سمیت 34 ممالک کی فوجی مشقیں نجم الساطع 2023 مصر میں اختتام پذیر

ہفتہ 16 ستمبر 2023 16:55

قاہرہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 ستمبر2023ء) پاک فضائیہ کے شاہین بیک وقت دو مختلف ممالک، چین اور مصر میں بڑے پیمانے پر جاری مشترکہ فضائی مشقوں میں حصہ لے رہے ہیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق پاکستان اور سعودی عرب سمیت 34 ملکوں کے مسلح افواج کے دستوں کی مشترکہ فوجی مشقیں نجم الساطع [برائٹ سٹار] 2023 مصر کے محمد نجیب ملٹری بیس پر منعقد ہوئیں۔

یہ مشقیں پاک فضائیہ کی اپنی فضائی برتری اور بین الاقوامی تعاون کو فروغ دینے کے عزم کی جانب ایک اہم سنگ میل ہیں۔ادھر پاک فضائیہ کا جی-10 سی اور جے ایف-17 تھنڈر لڑاکا طیاروں سمیت پائلٹس، ایئر ڈیفنس کنٹرولرز اور تکنیکی و گرانڈ عملہ چین میں پیپلز لبریشن آرمی ایئر فورس کی میزبانی میں شاہین-10 کوڈ نام سے ہونے والی فضائی مشقوں میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

پاک-چین مشترکہ سالانہ فضائی مشقیں شاہین-10 شمال مغربی چین کے جیوکوان اور ینچوان شہروں میں جاری ہیں۔ یہ غیر معمولی فضائی مشقیں پاک فضائیہ کی لگن اور بے مثال صلاحیتوں کو مزید اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ مشترکہ تربیت اور تعاون کو فروغ دینے کے پاک فضائیہ کے عزم کا پختہ ثبوت ہیں۔چین میں شاہین-10 اور اتحادی ممالک کے ہمراہ مصر میں منعقدہ برائٹ سٹار فضائی مشقیں پاک فضائیہ کو اپنے آپریشنل تجربات کے فروغ اور دنیا بھر سے دیگر ہم منصبوں کے ساتھ تجربے اور علم کے تبادلے کے لیئے ایک انمول مواقع فراہم کر رہی ہیں۔

سعودی وزارت دفاع نے مصر میں منعقدہ برائٹ سٹارمشقوں میں سعودی دستوں کی شرکت کے حوالے سے ایم ویڈیو جاری کی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے سعودی فوجی دستے بری، بحری اور فضائی مشقوں میں حصہ لے رہے ہیں اور چھاتہ بردارمشق میں بھی شریک ہیں۔سعودی آرمی ٹریننگ اتھارٹی کے سربراہ میجرجنرل عادل البلوی نے کہا کہ سعودی فوجی دستوں نے مقررہ تمام اہداف حاصل کرلیے۔

خصوصا بین الاقوامی سرحدووں کے تحفظ، سائبر سیکیورٹی، بحری امن، میزائل ڈیفنس آپریشن میں تعاون اور مشترکہ بین الاقوامی عسکری آپریشنز کے نفاذ سے متعلق تجربات کا تبادلہ کیا گیا۔میجر جنرل عادل البلوی نے اس سے قبل کہا تھا کہ مشترکہ مشقوں کا مقصد شریک افواج کے درمیان آپریشنل تصورات میں یکسانیت لانے کے لیے ہم آہنگی، پیشہ ورانہ مہارتوں کو بڑھانا، دہشت گردی اور گوریلا جنگ کے انسداد کی منصوبہ بندی اور سکیموں پر عمل درآمد ہے۔

شاہین-10 اور برائٹ سٹار فضائی مشقوں میں پاک فضائیہ کی بیک وقت شرکت پاک فضائیہ کی بہترین کارکردگی، پیشہ ورانہ مہارت اور اپنی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کی مسلسل جستجو کے عزم کا ایک واضح ثبوت ہے۔ یہ مشقیں پاکستان اور اس کے بین الاقوامی شراکت داروں کے درمیان تعاون اور دوستی کو فروغ دینے کے لیے ایک بہترین پلیٹ فارم کے طور پر کام کرتی ہیں اور علاقائی استحکام و سلامتی کے فروغ میں معاون ثابت ہوں گی۔