امریکا کا سابق ایرانی صدر محمود احمدی نژاد اور وزارت انٹیلی جنس پر پابندیاں عائد کرنے کا اعلان

بدھ 20 ستمبر 2023 10:20

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 ستمبر2023ء) امریکا نے سابق ایرانی صدر محمود احمدی نژاد اور وزارت انٹیلی جنس پر پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کر دیا ۔ ترک خبر رساں ادارے نے امریکا کے صدر جو بائیڈن کے بیان کے حوالے سے بتایا کہ ایران میں زیر حراست پانچ بے گناہ امریکی بالآخر وطن واپس آ رہے ہیں، وہ قطر، عمان، سوئٹزرلینڈ اور جنوبی کوریا سمیت اپنے شراکت داروں کے مشکور ہیں جنہوں نے قیدیوں کی وطن واپسی میں مدد کی۔

بائیڈن نے فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن (ایف بی آئی) کے سابق ملازم رابرٹ لیونسن کے بارے میں جو 2007 میں ایران میں لاپتہ ہو گئے تھے سے متعلق کہا کہ میں ایرانی حکومت سے مطالبہ کرتا ہوں کہ وہ لیونسن کے بارے میں وضاحت فراہم کرے ۔انہوں نے کہا کہ ہم سابق ایرانی صدر محمود احمدی نژاد اور ایرانی وزارت انٹیلی جنس کے خلاف امریکی شہریوں کے غیر قانونی حراست میں لیے جانے کے حوالے سے کردار ادا کرنے پر لیونسن ایکٹ کے تحت پابندیاں عائد کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ادھر،امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے بھی بیان میں کہا ہے کہ وہ ایران اور دیگر حکومتوں میں احتساب کو فروغ دینے کے لیے لیونسن ایکٹ کا استعمال جاری رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ امریکی شہریوں کو کسی بھی وجہ سے ایران کا سفر نہیں کرنا چاہیے،وہ ایران میں موجود امریکی شہریوں سے بھی کہتے ہیں کہ وہ فوری طور پر یہ ملک چھوڑ دیں۔