ڈی جی ایف ڈی اے کا رہائشی کالونیوں میں غیر قانونی کمرشلائزیشن سے متعلق جامع سروے کرنے کا حکم

جمعرات 21 ستمبر 2023 22:55

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 ستمبر2023ء) ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے ایف ڈی اے کے زیر کنٹرول رہائشی کالونیوں و کچی آبادیوں میں غیر قانونی کمرشلائزیشن سے متعلق جامع سروے کرنے کا حکم دیا ہے اور کہاہے کہ سروے رپورٹ زمینی حقائق کے مطابق ہونی چاہیے اس سلسلے میں کوئی گڑبڑ یا غلط بیانی پائی گئی تو قصور وار اہلکار کے خلاف سخت انضباطی کارروائی کی جائے گی، انہوں نے یہ حکم ایک اجلاس کے دوران جاری کیا جس میں غیر قانونی کمرشلائزیشن کے امور کا جائزہ لیاگیا اجلاس میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل عابد حسین بھٹی، ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ جنید حسن منج، ڈائریکٹر ٹاؤن پلاننگ، اسما محسن، ڈائریکٹر فنانس یاسر اعجاز چٹھہ، ڈپٹی ڈائریکٹرز، اسسٹنٹ ڈائریکٹرز اور بلڈنگ انسپکٹرز نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے غیر قانونی اور بے ہنگم کمرشلائزیشن کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے بلڈنگ انسپکٹرز کو ذمہ داری اور دیانتداری سے فرائض انجام دینے کی تاکید کی اور کہا کہ غیر قانونی کمرشلائزیشن کے حوالے سے اگر کسی بلڈنگ انسپکٹر یا دیگر سٹاف کی ملی بھگت پائی گئی تو اس کے خلاف محکمانہ کارروائی کرکے منطقی تک پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے کہا منظم اور حسب ضابطہ ٹاؤن پلاننگ بے حد ضروری ہے اس سلسلے میں متعلقہ افسران وسٹاف کو کسی بھی قانون شکنی کا فوری نوٹس لیکر ابتداء میں ہی قانون شکنی کو روکیں اور بلڈنگ لاز کی خلاف ورزیوں کو قانونی دائرے میں لائیں۔

انہوں نے بعض کچی آبادیوں کے اہم محل وقوع کے باعث زمینوں کی قدرو قیمت اور معاشی سرگرمیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان میں غیر قانونی کمرشلائزیشن کو باقاعدگی سے چیک کیاجائے۔ انہوں نے فیلڈ سٹاف کو مزید متحرک اور فعال انداز میں ڈیوٹی کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ غیر قانونی کمرشلائزیشن کی سختی سے حوصلہ شکنی ہونی چاہیے جوکہ نہ صرف بے ہنگم ٹاؤن پلاننگ کی روک تھام کے لئے ناگزیر ہے بلکہ کمرشلائزیشن فیسوں کی عدم ادائیگی سے ادارے کے لئے مالی نقصان کا بھی باعث ہے انہوں نے کمرشلائزیشن فیسوں کے دہندگان کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کرنے کی تاکید اور کہا کہ عدم ادائیگی پر بلڈنگز کو فوری سیل کرکے چالان کیاجائے۔

متعلقہ عنوان :