بائیو گیس کا استعمال کم لاگت ہونے کے علاوہ انرجی سکیورٹی سمیت بہت سے معاشی فوائد کا حامل ہے، شہزاد علی ملک

جمعرات 28 ستمبر 2023 11:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 ستمبر2023ء) پاکستان ہائی ٹیک ہائبرڈ سیڈ ایسوسی ایشن کے چیئرمین شہزاد علی ملک نے کہا ہے کہ بائیو گیس کا استعمال کم لاگت ہونے کے علاوہ انرجی سکیورٹی سمیت بہت سے معاشی فوائد کا حامل ہے۔ جمعرات کو یہاں ظہور رانجھا کی قیادت میں صنعتکاروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ ٹیکنالوجی ہماری ضروریات کے عین مطابق ہے اور یہ اقتصادی ترقی کے لیے ایک محرک کا کام کر سکتی ہے۔

اس سے استفادہ کرکے معیشت کو عالمی منڈیوں میں توانائی کی قیمتوں کے اتار چڑھاواور جغرافیائی سیاسی تناﺅ سے بچایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ توانائی کے پائیدار ذریعہ کے طور پر بائیو گیس کا استعمال ہماری معیشت کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے کیونکہ یہ نہ صرف ماحول دوست متبادل ہے بلکہ اس سے روزگار کے مواقع بھی پیدا کئے جا سکتے ہیں جس سے خاص طور پر دیہی علاقوں میں بے روزگاری پر قابو پانے کے ساتھ ساتھ مقامی معیشت کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

بائیو گیس کا استعمال انفرادی اور صنعتی دونوں طرح کے استعمال کے لیے لاگت میں خاطر خواہ بچت کا باعث بن سکتا ہے۔ شہزاد علی ملک ستارہ امتیاز نے کہا کہ بائیو گیس نامیاتی مواد مثلاً زرعی فضلہ، جانوروں کے فضلہ اور فوڈ سکریپ سے تیار کی جاتی ہے جو قابل تجدید توانائی کے ذریعہ کے طور پر مسلسل دستیاب ہے اور فوسل ایندھن پر انحصار کو کم کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس کی پیداوار میتھین کو کنٹرول کرتی ہے جو ایک طاقتور گرین ہاوس گیس ہے جسے استعمال نہ کیا جائے تو فضا میں شامل ہو جاتی ہے۔ اس طرح بائیو گیس نقصان دہ اخراج کو کم کر کے موسمیاتی تبدیلیوں کو کم کرنے میں بھی مدد دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت پڑنے پر بائیو گیس کو استعمال کے لیے ذخیرہ بھی کیا جا سکتا ہے جس کی وجہ سے یہ توانائی کی فراہمی میں رکاوٹوں کے خلاف ایک ڈھال کے طور پر کام کرتی ہے۔ صنعت اور زراعت میں بائیو گیس کا استعمال اقتصادی اور سماجی فوائد کے ساتھ ساتھ توانائی کی پیداوار اور فضلہ کو ٹھکانے لگانے کیلئے بھی مددگار ہے۔