تمباکو ایکٹ پر عملدرآمد بہت ضروری ہو گیا ہے، حکومت اس حوالے سے فوری اقدامات اٹھائے گی، صوبائی وزیر خزانہ

پیر 30 اکتوبر 2023 23:11

استور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اکتوبر2023ء) صوبائی وزیر خزانہ انجینئر محمد اسماعیل نے کہا ہے کہ تمباکو ایکٹ پر عملدرآمد بہت ضروری ہو گیا ہے، حکومت اس حوالے سے فوری اقدامات اٹھائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے سیڈو کے میڈیا اینڈ کمیونیکیشن منیجر ذوہیب اختر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تمباکو کا استعمال منشیات کی طرف راغب ہونے کی پہلی سیڑھی ہے، ہمیں اپنی نوجوان نسل کو تمباکو سے دور رکھنے کے لئے اقدامات کرنے ہونگے، گلگت بلتستان تمباکو ایکٹ 2020 میں ترامیم کر کے تمباکو کی نئی مصنوعات پر بھی کسی حد تک پابندی عائد کی جاسکتی ہے جس کے لئے قانون سازی کی جائے گی۔

اس موقع پر سیڈو کے میڈیا اینڈ کمیونیکیشن منیجر نے صوبائی وزیر خزانہ کو بتایا کہ آج کل تمباکو مافیا نت نئی مصنوعات مارکیٹ میں لا رہا ہے جسے ایمرجنگ ٹوبیکو پراڈکٹ بھی کہا جاتا ہے جن کے ذریعے نوجوان نسل کو منشیات کی طرف راغب کیا جا رہا ہے اور نوجوان ان مصنوعات کا بے دریغ استعمال کر رہے ہیں جو کہ کافی تشویشناک ہے۔اس موقع پر صوبائی وزیر خزانہ نے سیڈو کے کردار کی تعریف کی اور قانون سازی اور ترامیم کے حوالے سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی جس پر سیڈو کے نمائندے نے ان کا شکریہ ادا کیا۔\378

متعلقہ عنوان :