ہری پور،شادی شدہ خاتون سے مبینہ طور پر 5 افراد کی اجتماعی زیادتی

جمعہ 12 ستمبر 2025 21:00

ہری پور،شادی شدہ خاتون سے مبینہ طور پر 5 افراد کی اجتماعی زیادتی
ہری پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 ستمبر2025ء)ہری پور کے علاقے کھلا بٹ ٹاؤن شپ میں شادی شدہ خاتون کو مبینہ طور پر 5 افراد نے اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا ہے۔کھلا بٹ ٹاؤن شپ پولیس کے مطابق متاثرہ خاتون افغان شہری ہے اور ابتدائی میڈیکل رپورٹ میں گینگ ریپ کے واقعے کی تصدیق ہوئی ہے۔پولیس کے مطابق 21 سالہ افغان پناہ گزین شکیلہ احمدی نے بتایا کہ اٴْس کا شوہر بیرون ملک ہے اور وہ کھلا بٹ ٹاؤن شپ کی نئی آبادی سیکٹر 3 میں کرائے کے مکان میں رہائش پذیر ہے جبکہ متاثرہ خاتون کے پاس پاکستان کا ویزا بھی موجود ہے۔

کھلا بٹ ٹاؤن شپ کے ایس ایچ او انسپکٹر صدیق شاہ نے زیادتی کا نشانہ بننے والی خاتون کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ وہ جمعرات (11 ستمبر) کی شام پیدل کیمپ نمبر 16 (افغان کیمپ) میں رشتہ داروں سے ملنے جا رہی تھی کہ اچانک ایک نوجوان نے اسے قابو کرکے مکئی کے کھیت میں لے گیا، جہاں اس نے اپنا نام باچا بتایا اور زبردستی اس کے ساتھ زیادتی کی۔

(جاری ہے)

خاتون نے مزید بتایا کہ جب میں جانے کی تیاری کر رہی تھی تو پہلے سے موجود ملزم کے مزید 4 ساتھی بھی وہاں پہنچ گئے اور انہوں نے بھی مجھے باری باری زبردستی زیادتی کا نشانہ بنایا۔انہوںنے کہا کہ مزاحمت کرنے پر ایک ملزم نیخاتون کو تھپڑ اور مکے بھی مارے جس سے خاتون کے چہرا اور ہونٹ زخمی ہوگیا۔متاثرہ خاتون نے مبینہ طور پر زیادتی کرنے والے پانچوں ملزمان کی شناخت کر لی ہے، ملزمان افغان پناہ گزین ہیں، جن کے نام نادی، روزی، خان شیر، جاوید اور نصیر بتائے گئے ہیں۔

ایس ایچ او صدیق شاہ کے مطابق ٹراما سینٹر ہری پور میں تیار کی گئی ابتدائی میڈیکل رپورٹ میں زیادتی کے واقعے کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ تفصیلی فرانزک رپورٹ بعد میں موصول ہوگی۔انہوں نے بتایا کہ تعزیراتِ پاکستان کی دفعہ 375 اے کے تحت ملزمان کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ایس ایچ او کے مطابق گرفتار ملزمان کو (ہفتہ) 13 ستمبر کو جسمانی ریمانڈ کے لیے علاقہ مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔