ٹرانس پشاور نے بی آر ٹی آپریشنز کیلئے ایک ارب روپے کی فنڈنگ حاصل کرلی

جمعہ 3 نومبر 2023 23:10

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 نومبر2023ء) خیبر پختونخوا حکومت نے نومبر 2023 تا فروری 2024 کے لیے پشاور بی آر ٹی سروس کے آپریشنز کو روانی کے ساتھ چلانے کے لئے ایک ارب روپے کا بجٹ مختص کر دیا ہے۔ موجودہ آپریشنز کے لئے فنڈز بھی جاری کردیئے گئے ہیں جو بی آر ٹی کے سروس پرووائڈرز کی بقایا ادائیگیوں کے لئے استعمال ہوں گے۔ فنڈز کی کمی کی وجہ سے سروس بند یا محدود ہونے کی افواہوں میں کوئی صداقت نہیں۔

ٹرانس پشاور، پشاور کے رہائشیوں کو معیاری سفری سہولیات فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہے۔اس سلسلے میں نگران وزیر اعلی کے معاون خصوصی برائے ٹرانسپورٹ اور ہاوسنگ ظفراللہ خان نے بی آر ٹی کے بلا تعطل آپریشنز کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ذو پشاور اس وقت روزانہ 3 لاکھ مسافروں کو سفری سہولت فراہم کرتا ہے، کسی بھی قسم کی رکاوٹ یا محدود عرصے کی بندش بھی نہ صرف پشاور کے رہائشیوں کی زندگیوں پر بلکہ شہر کی معاشیات اور اقتصادیات پر اثر انداز ہو سکتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے خیبر پختونخوا حکومت اور خاص طور پر وزیر خزانہ احمد رسول بنگش کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے بر وقت فنڈز کے اجرا میں معاونت کی۔ انہوں نے مزید کہاکہ یہ فنڈز سروس پرووائڈرز کو واجب الادا ادائیگیوں میں اہم کردار ادا کریں گے، پشاور کے عوام کو اعلیٰ معیار کی سفری سہولت کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنائیں گے۔