آئی ایم ایف کا رواں مالی سال کا ٹیکس ہدف ہر صورت حاصل کرنے کا مطالبہ

جن شعبوں سے ٹیکس وصولی کم ہے وہاں سے پورا ٹیکس حاصل کیا جائے۔ آئی ایم ایف

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 9 نومبر 2023 10:53

آئی ایم ایف کا رواں مالی سال کا ٹیکس ہدف ہر صورت حاصل کرنے کا مطالبہ
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 09 نومبر 2023ء ) عالمی مالیاتی ادارے ’آئی ایم ایف‘ نے رواں مالی سال کا ٹیکس ہدف ہر صورت حاصل کرنے کا مطالبہ کردیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان اور آئی ایم ایف جائزہ مشن کے درمیان تکنیکی مذاکرات کے دوران ایف بی آر نے رواں مالی سال کیلئے ٹیکس وصولی پلان آئی ایم ایف کے ساتھ شیئر کر دیا، آئی ایم ایف پلان کا جائزہ لینے کے بعد مزید اقدامات تجویز کرے گا۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ مذاکرات کے دوران ٹیکس وصولی میں شارٹ فال کی صورت میں فوری طور پر نئے اقدامات پر اتفاق ہوا، ریٹیلرز پر فکسڈ ٹیکس عائد کرنے کی تجویز زیر غور ہے تاہم آئی ایم ایف اس پر رضا مند نہیں ہے اور آئی ایم ایف نے ریٹیلرز، زرعی انکم ٹیکس اور رئیل اسٹیٹ سے مکمل ٹیکس وصول کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف مشن کو ٹیکس پالیسی اور ٹیکس کولیکشن علیحدہ کرنے کے پلان پر بریفنگ دی گئی، عالمی مالیاتی ادارے کی جانب سے زرعی آمدن کو ٹیکس نیٹ میں لانے کیلئے صوبوں سے ٹائم لائن طے کرنے کا مطالبہ کیا گیا اور آئی ایم ایف کا رواں مالی سال کا ٹیکس ہدف ہر صورت حاصل کرنے کا بھی مطالبہ کیا اور کہا کہ جن شعبوں سے ٹیکس وصولی کم ہے وہاں سے پورا ٹیکس حاصل کیا جائے۔

ادھر حکومت نے بجلی کے بعد گیس مہنگی کرنے کی آئی ایم ایف کی شرط پوری کردی، اوگرا نے گیس کی قیمتوں میں اضافے کی باقاعدہ منظوری دے دی، حکومت کی منظوری کے بعد اوگرا نے گیس کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا، گیس کی نئی قیمتوں کا اطلاق نومبر سے ہوگا، جن میں پروٹیکٹڈ صارفین کیلئے فکسڈ چارجز 10روپے سے بڑھا کر 400 روپے کردیے گئے، نان پروٹیکٹڈ گھریلو صارفین کیلئے گیس کی قیمت میں 172 فیصد سے زائد اضافہ کردیا گیا، ماہانہ 25 مکعب میٹر گیس استعمال کرنے والے صارفین کیلئے نرخوں میں 100روپے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافہ کیا گیا ہے، ماہانہ 25 مکعب میٹر گیس استعمال کرنے والے صارفین کیلئے قیمت 200 روپے سے بڑھا کر 300 روپے ایم ایم بی ٹی یو مقرر کردی گئی ہے۔

اس کے علاوہ ماہانہ 60 مکعب میٹر گیس استعمال کرنے والے صارفین کیلئے قیمت 300 روپے اضافہ کیا گیا ہے، ماہانہ 60 مکعب میٹر گیس استعمال کرنے والے صارفین کیلئے قیمت 300 روپے سے بڑھا کر 600 روپے ایم ایم بی ٹی یو مقرر کردی گئی، ماہانہ 100مکعب میٹر گیس استعمال کرنے والے صارفین کیلئے قیمت 600 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافہ کیا گیا ہے، 100مکعب میٹر گیس استعمال کرنے والے صارفین کیلئے قیمت 400 روپے سے بڑھا کر 1000 روپے ایم ایم بی ٹی یو مقرر کردی گئی، ماہانہ 150مکعب میٹر گیس کی قیمت 600 روپے سے بڑھا کر 1200 روپے ایم ایم بی ٹی یو مقرر کردی گئی۔

معلوم ہوا ہے کہ 200 مکعب میٹر گیس کی قیمت 800روپے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافہ کیا گیا ہے، 300 مکعب میٹر گیس کی قیمت 1900 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافہ کیا گیا ہے، ماہانہ 300 مکعب میٹر گیس کی قیمت 1100 روپے سے بڑھا کر 3000 روپے ایم ایم بی ٹی یو مقرر کردی گئی، 400 مکعب میٹر گیس کی قیمت 1500 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافہ کیا گیا ہے، ماہانہ 400 مکعب میٹر گیس کی قیمت 2000 روپے سے بڑھا کر 3500روپے ایم ایم بی ٹی یو مقرر کردی گئی، ماہانہ 400 مکعب میٹر گیس سے زائد کے استعمال پر قیمت 3100 روپے سے بڑھا کر 4000 روپے ایم ایم بی ٹی یو مقرر کردی گئی۔