صوبائی ورکنگ پارٹی اجلاس میں مختلف سیکٹرز کی ترقیاتی سکیموں کیلئے 15ارب روپے سے زائد فنڈز کی منظوری

جمعرات 16 نومبر 2023 22:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 نومبر2023ء) پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ نے مالی سال 2023-24کے صوبائی ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے ستائیسویں اجلاس میں مختلف سیکٹرز کی 6ترقیاتی سکیموں کے لیے مجموعی طور پر 15ارب 43کروڑ 43لاکھ 74ہزار روپے کے فنڈز کی منظوری دی۔ اجلاس کی صدارت چیئرمین پی اینڈ ڈی افتخار علی سہو نے کی۔صوبائی ورکنگ پارٹی کے اجلاس میں ترقیاتی بورڈ کی جانب سے جن سکیموں کی منظوری دی گئی ان میں ضلع حافظ آباد میں دریائے چناب کے بائیں جانب کٹا کے تحفظ کیلئے 48کروڑ 86لاکھ87ہزار روپے، چولستان میں آبی وسائل کی ترقی کے لئے فزیبلٹی سٹڈیز اور تفصیلی انجینئرنگ ڈیزائن کے سلسلہ میں کنسلٹنسی سروسز کیلئے 18کروڑ 61لاکھ 84ہزار روپے، گوجرانوالہ میں ڈی ایچ کیوکو ٹیچنگ ہسپتال میں اپ گریڈ کرنے کیلئے 8ارب 91کروڑ 80لاکھ روپے، جوبلی ٹان لاہور میں فاطمہ جناح آف ڈینٹل سائنسز کے قیام کیلئے 4ارب 66کروڑ 20لاکھ روپے، سبزہ زار لاہور میں وویمن ڈویلپمنٹ آفس کمپلیکس کی تعمیر کیلئے 69کروڑ 82لاکھ 27ہزار روپے اور جوبلی ٹان لاہور میں ملٹی پرپز کمپلیکس کی تعمیر کیلئے 48کروڑ 12لاکھ 76ہزار روپے شامل ہیں۔

(جاری ہے)

اجلاس میں سیکرٹری پی اینڈ ڈی بورڈ مظفر خان سیال سمیت چیف اکانومسٹ پی اینڈ ڈی، محکمہ جات کے اعلی افسران اور پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کے ممبران نے شرکت کی۔