Live Updates

چیئرمین پی ٹی آئی کا ٹرائل ملٹری کورٹ میں ہی ہو گا، وزیر داخلہ

چیئرمین پی ٹی آئی کی سیکیورٹی ہمارےلیےاہم ہے چیئرمین پی ٹی آئی جس سیل میں ہیں ان کاٹرائل وہاں نہیں ہورہا، نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی کی گفتگو

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری پیر 20 نومبر 2023 23:41

چیئرمین پی ٹی آئی کا ٹرائل ملٹری کورٹ میں ہی ہو گا، وزیر داخلہ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 نومبر2023ء) نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا ٹرائل ملٹری کورٹ میں ہی ہو گا۔ انہوں نے نجی ٹی وی چینل اے آر وائے نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ۔ چیئرمین پی ٹی آئی کی سیکیورٹی ہمارےلیےاہم ہے چیئرمین پی ٹی آئی جس سیل میں ہیں ان کاٹرائل وہاں نہیں ہورہا۔

انہوں نے کہا کہ سویلینز کے ٹرائل سے متعلق فیصلہ پارلیمنٹ اور حکومت کیخلاف ہے وفاقی حکومت کی نظرثانی اپیل پر فیصلہ سپریم کورٹ کریگی، ہماری پراسیکیوشن اتنی مضبوط نہیں کہ ملزمان کو سزا دلوا سکے۔ نگران وزیرداخلہ سرفرازبگٹی نے کہا کہ انتخابات پرامن ماحول میں ہی ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملٹری کورٹ میں اسپیڈی ٹرائل ہوتا ہے فوجی تنصیبات پر حملے ہونگے تو فیصلے بھی ملٹری کورٹس میں ہی ہونے چاہئیں سانحہ 9مئی منصوبہ بندی کےتحت ریاست کیخلاف سازش تھی اس سازش میں ملوث ملزمان کا ٹرائل ملٹری کورٹس میں ہو گا۔

(جاری ہے)

ادھر ہائی کورٹ نے خصوصی عدالت کے جج کی تعیناتی کے خلاف اور سائفر کیس کا جیل ٹرائل روکنے پر حکم امتناع میں (کل) منگل تک توسیع کردی۔پیر کو چیئرمین پی ٹی آئی کی سائفر کیس میں جیل ٹرائل کے خلاف انٹراکورٹ اپیل پر سماعت ہوئی، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس ثمن رفعت امتیاز پر مشتمل بینچ نے سماعت کی۔ چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل سلمان اکرم راجا نے استدلال کیاکہ جج کی تعیناتی کا معاملہ بھی بہت اہم ہے، عدالت کے سامنے کچھ حقائق رکھوں گا، عدالت نے کہا کہ عدالت کے اٹارنی جنرل نے جو دستاویزات رکھیں ان کے مطابق جج کی تعیناتی کا پراسس ہائی کورٹ سے شروع ہوا ، اسلام آباد میں سینکڑوں ماتحت عدلیہ کے ججز موجود ہیں، حکومت نے ایک مخصوص جج کو آفیشل سیکرٹ ایکٹ عدالت کا چارج دیدیا۔

جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہا کہ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے اس عدالت کے سامنے ریکارڈ پیش کیا تھا، ہم نے دستاویزات دیکھے ہیں تعیناتی کیلئے کارروائی کا آغاز اسلام آباد ہائیکورٹ سے ہوا، سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ ہمیں تو وہ دستاویزات بھی نہیں دکھائے گئے۔جسٹس حسن اورنگزیب نے کہا کہ ہمارے ذہن میں بھی یہی سوال تھا لیکن دستاویزات دیکھنے کے بعد صورتحال واضح ہوئی، آپ پہلے اٹارنی جنرل کے اپیل ناقابلِ سماعت ہونے کے اعتراض کا جواب دیں، سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ سیکورٹی کے نام پر ایک بہانے سے چیئرمین پی ٹی آئی کو کسی عدالت پیش نہیں کیا جا رہا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات