نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ کے زیر اہتمام ورلڈ اینٹی مائیکروبیل آگاہی ویک کے سلسلے میں پوسٹر و فوٹو گرافی مقابلوں کے ایوارڈ کی تقریب

منگل 21 نومبر 2023 16:49

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 نومبر2023ء) نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ کے زیر اہتمام ورلڈ اینٹی مائیکروبیل آگاہی ویک کے سلسلے میں پوسٹر و فوٹو گرافی مقابلوں کی ایوارڈ کی تقریب منگل کو منعقد ہوئی جبکہ ورلڈ انٹری مائیکروبائل آگاہی ویک کے سلسلہ میں بچوں میں پوسٹر وفوٹوگرافی مقابلوں میں منفرد تصورات سامنے آئے ہیں، ان مقابلوں میں ملک بھر سے طلبا و طالبات نے حصہ لیا۔

جیوری کے فیصلے کے مطابق پوسٹر مقابلوں میں پہلا انعام آئی سی جی ایس سکول کی پانچویں جماعت کی طالبہ کلثوم اختر نے حاصل کیا۔دوسری پوزیشن کے دو انعام صفوان محمود اور امان اللہ نے حاصل کئے۔تیسری پوزیشن پشاور سے تعلق رکھنے والی طالبہ زوحہ عثمان نے حاصل کی۔فوٹوگرافی مقابلوں میں پہلی پوزیشن اسامہ ملک نے حاصل کی۔

(جاری ہے)

دوسری پوزیشن، عبداللہ نزیر نے اور تیسری پوزیشن اسلامی یونیورسٹی کی طالبہ لاریب خان نے حاصل کی جنہیں کیش انعام دیا گیا۔

پہلی تین پوزیشنیں حاصل کرنے والے بچوں کے علاوہ دیگر حصہ لینے والے بچوں کو حسن کارکردگی سرٹیفکیٹ دیئے گئے۔تقریب کے مہمان خصوصی چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر محمد سلمان نے کہا کہ ہر سال نومبر کے تیسرے ہفتہ میں اینٹی بائیوٹک کی افادیت اور نقصانات کے حوالے سے پوری دنیا میں ہفتہ آگاہی منایا جاتا ہے جس میں اس کے غیر ضروری استعمال کےبارے میں آگاہ کیا جاتا ہے۔

پاکستان جیسے ملک میں اینٹی بائیوٹکس کا غیر ضروری استعمال کیاجاتا ہے ،اس بارے آگاہی کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ بچوں نے اس آگاہی ہفتہ کے دوران مقابلوں میں حصہ لیا انہوں نے منفرد چیزیں دی ہیں۔یہ بچے آنے والے دنوں میں ہمارے سفیر ہوں گے۔ان مقابلوں میں دی فلیمنگ فنڈ نے تعاون کیا ہے۔دی فلیمنگ فنڈ کے نمائندے ڈاکٹر قدیر حسن ، ڈبلیو ایچ او کی نمائندہ ڈاکٹر فرح نے بھی تقریب میں شرکت کی۔