آزادکشمیر میں قومی سطح کی سنوکر چیمپئن شپ کا مظفرآباد میں آغاز ہو گیا

پیر 4 دسمبر 2023 20:30

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 دسمبر2023ء) آزادکشمیر کی تاریخ میں پہلی مرتبہ قومی سطح کی سنوکر چیمپئن شپ کا مظفرآباد میں آغاز ہو گیا،ریڈ اینڈ وائٹ سنوکر کلب مظفرآباد کے زیر اہتمام ہونے والی یہ سنوکر چیمپئن شپ 8 دسمبر تک جاری رہے گی، چیمپئن شپ میں آزادکشمیر اور خیبر پختونخوا کے 64 کھلاڑی مد مقابل ہوں گے۔ ٹورنامنٹ میں پہلے 8 نمبرز پر آنے والے کھلاڑی کراچی میں ہونے والی قومی سنوکر چیمپئن شپ میں حصہ لینے کے اہل ہوں گے ۔

میئر بلدیہ سکندر گیلانی، صدر کے پی کے ایسوسی ایشن ذوالفقار بٹ، جنرل سیکرٹری محمد فیصل، پشاور سنوکر ایسوسی ایشن کے صدر الائوالدین، صدر مظفرآباد سنوکر ایسوسی ایشن شیخ نذیر احمد، ٹیم ریڈ اینڈ وائٹ شیخ عبدالروف، شیخ واصف نے چیمپئن شپ کا افتتاح کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میئر میونسپل کارپوریشن سکندر گیلانی نے کہا کہ ریڈ اینڈ وائٹ سنوکر کلب نے پہلی مرتبہ مظفرآباد میں اس لیول کی چیمپئن شپ کروائی ہے ، معاشرے میں صحت مند سرگرمیوں کا انعقاد کروانے پر تہہ دل سے شکر گزار ہوں ،حکومت کو ایسی سرگرمیوں کی بھرپور مدد کرنی چاہیے ۔

صدر کے پی کے ایسوسی ایشن ذوالفقار بٹ، جنرل سیکرٹری محمد فیصل، پشاور سنوکر ایسوسی ایشن کے صدر الاولدین، صدر مظفرآباد سنوکر ایسوسی ایشن شیخ نذیر احمد نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔ پہلے روز ہونیوالے مقابلوں میں دفاعی چیمپئن شرجیل احمد نے ٹائٹل کا دفاع کرتے ہوئے شاہد گنڈا پور کو ہرا کر پہلا میچ جیت لیا ۔مظفرآباد کے تاشفین آفریدی نے ہزارہ کے اویس احمد کو ہرایا مظفرآباد کے حارث عباسی کو قومی کھلاڑی فواد نے جبکہ میرپور کے ریحان نے نادر خان کو شکست دی۔