اسٹیٹ بینک نے بذریعہ راست فرد سے دکاندار کو ادائیگی کی ہدایات جاری کردیں

بدھ 6 دسمبر 2023 19:40

اسٹیٹ بینک نے بذریعہ راست فرد سے دکاندار کو ادائیگی کی ہدایات جاری ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 دسمبر2023ء) بینک دولت پاکستان نے اپنے زیرِ نگرانی اداروں کو ہدایات جاری کر دی ہیں کہ وہ فرد سے دکاندار / تاجر کو ادائیگی (پی ٹو ایم)بذریعہ راست کی سہولت اپنے صارفین کو دے سکتے ہیں۔ راست پی ٹو ایم سہولت سے دکاندار مختلف طریقوں سے ادا کردہ رقوم اپنے صارفین سے وصول کر سکیں گے۔ ان طریقوں میں یونیفائڈ کوئک رسپانس (کیو آر)کوڈز، راست کے مختلف طریقے (جیسے موبائل فون)، بینک اکاونٹ (آئی بی اے این، اور ادائیگی کی درخواست آر ٹی پی شامل ہیں۔

اسٹیٹ بینک کے ڈجیٹل فنانس گروپ کا سرکلر 5 دسمبر 2023 کو جاری کیا گیا جس میں تمام زیرِ نگرانی اداروں یعنی بینکوں، مائکرو فنانس بینکوں، الیکٹرانک منی انسٹی ٹیوشن (ای ایم آئی اور ادائیگی کی سہولت دینے والے پی ایس پی اداروں کو اپنی متعلقہ ایپس میں یہ استعداد مارچ 2024 تک شامل کرنے کی ہدایت کی گئی ہی(i) راست کیو آر کوڈ پڑھنی/ اسکین کرنے کی استعداد، (ii) آر ٹی پی کو (فورا یا بعد میں)پراسیس کرنے کی استعداد، (iii) راست کے مختلف طریقوں اور آئی بی اے این سے دکاندار کو پش پیمنٹ، اور (iv) ریٹرن/ ریفنڈ کی درخواست بھیجنے کی استعداد۔

(جاری ہے)

زیر نگرانی اداروں کو یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے صارفین کو مستعد، بلا رکاوٹ، اور استعمال میں آسان انٹرفیس (interface) دیں۔ نیز، زیرِ نگرانی اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ لین دین کے لیے راست ادائیگی کے طریقے استعمال کرنے والے اپنے صارفین پر کوئی فیس عائد نہ کی جائے۔اسٹیٹ بینک نے دکان داروں کی خدمات حاصل کرنے والے موجودہ زیرِ نگرانی اداروں کو بھی ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے متعلقہ دکان داروں اور ای کامرس پلیئرز کو 'راست' پی ٹو ایم سہولت کے ذریعے ادائیگیاں وصول کرنے کے قابل بنانے کے لیے 31 مارچ 2024 تک 'راست'کے ساتھ انضمام مکمل کریں۔

مزید برآں، تمام زیرِ نگرانی ادارے اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ بلرز / بل ایگریگیٹرز بھی، جو پہلے ہی آن بورڈ ہیں، 31 مارچ، 2024 تک راست ادائیگی کے آپشن کے ذریعہ ادائیگیاں وصول کرنے کے قابل ہوں۔راست پی ٹو ایم سہولت فعال ہونے سے اسٹیٹ بینک کی ڈجیٹلائزیشن کی کوششوں کو فروغ ملنے کی توقع ہے جس سے ملک بھر میں لاکھوں دکان دار اشیا اور خدمات پر ادائیگیاں اپنے کھاتوں میں بروقت حاصل کرسکیں گے۔