پریکٹس میچ، سرفراز احمد کی ناقص وکٹ کیپنگ ، تین کیچز ڈراپ کردیئے

پی ایم الیون نے اپنی مضبوط کارکردگی کو جاری رکھا اور دن کا اختتام 141 اوورز کے بعد 4 وکٹوں کے نقصان پر 367 رنز پر کیا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 8 دسمبر 2023 17:29

پریکٹس میچ، سرفراز احمد کی ناقص وکٹ کیپنگ ، تین کیچز ڈراپ کردیئے
کینبرا (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 8 دسمبر 2023ء ) کینبرا میں پاکستان کے 391-9 کے جواب میں دن کا آغاز 149-2 پر پی ایم الیون نے اپنی مضبوط کارکردگی کو جاری رکھا اور دن کا اختتام 141 اوورز کے بعد 367-4 پر کیا۔ یہ میچ سابق کپتان سرفراز احمد کے لیے کچھ اچھا ثابت نہیں ہورہا ہے کیوں کہ وہ اب تک 3 کیچز ڈراپ کرچکے ہیں ۔ سرفراز احمد کی ناقص وکٹ کیپنگ دیکھنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین یہ سوال اٹھا رہے ہیں کہ ٹیسٹ کپتان نے کس بنیاد پر محمد رضوان کی بجائے انہیں یہ میچ کھلایا جب کہ رضوان نے 2019ء میں دورہ آسٹریلیا میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا ۔

میچ کے دوران اپنی ففٹی کے قریب میٹ رینشا نے یہ سنگ میل غیر متوقع انداز میں حاصل کیا۔

(جاری ہے)

ابرار احمد کی بال پر میٹ رینشا نے 47 رنز پر بیٹنگ کرتے ہوئے شاندار آن ڈرائیو کھیلی ۔ فیلڈر میر حمزہ گیند کو روکنے میں کامیاب ہو گئے اور اسے واپس بابر اعظم کی طرف پھینک دیا۔ بابر اعظم نے جلد بازی کی کوشش میں گیند کیپر سرفراز احمد کی طرف پھینکی۔ بدقسمتی سے تھرو سرفراز سے صرف ایک انچ آگے باؤنس ہوا اور بائونڈری پار کرگیا جس کے باعث رینشا کو ایک بال پر 7 رنز مل گئے۔ رینشا نے بالآخر پاکستان کی خراب فیلڈنگ کی مدد سے 136 گیندوں میں اپنی ففٹی مکمل کی۔