سدپارہ مونٹینیرنگ کلب سکردو کے زیر اہتمام عالمی یوم پہاڑ کے موقع پرتقریب

پیر 11 دسمبر 2023 16:52

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 دسمبر2023ء) سدپارہ مونٹینیرنگ کلب سکردو کے زیر اہتمام عالمی یوم پہاڑ کے موقع پرتقریب منعقد ہوئی ۔ تقریب کے مہمان خصوصی فورس کمانڈر گلگت بلتستان میجر جنرل کاشف خلیل تھے۔تقریب میں دیگر عسکری حکام سمیت انتظامیہ کے سربراہان نے بھی شرکت کی۔ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فورس کمانڈر جی بی نے کہا کہ گلگت بلتستان کو اللہ تعالیٰ نے بہت ساری نعمتوں سے نوازا ہے جن میں سے ایک نعمت یہاں کے پہاڑ ہیں، ہمیں ان پہاڑوں اور گلیشرز کی قدر کرنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ سدپارہ کے لوگوں نےملک کا نام روشن کرنے کے لئے دنیا کی بلند ترین چوٹیوں کو سر کیا اور ملک کا نام فخر سے بلند کیا ہمیں ان ہیروز پر فخر ہے۔

(جاری ہے)

گلگت بلتستان کے لوگوں نے ہمیشہ ملک کی عظمت اور وقار کے لئے کام کیا ۔شمشال، سدپارہ، شگر اور دیگر علاقے کےعوام نے کوہ پیمائی کے شعبے میں بھی نام کمایا اور دنیا میں ایک مقام حاصل کیا ۔

اس موقع پر فورس کمانڈر گلگت بلتستان نے مونٹینیرنگ انسٹی ٹیوٹ کا افتاح کیا اور جنوری سے کلاسز شروع کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس انسٹی ٹیوٹ کے بعد یہاں کے کوہ پیماؤں اور پورٹروں کو تربیت کے ذریعے مزید ہنر مند بنائیں گے اور عالمی سطح پر سرٹیفائیڈ کوہ پیما اور پورٹر کا درجہ حاصل کریں گے ۔اس موقع پر کمشنر بلتستان ڈویژن نے پاک آرمی کا شکریہ اداکرتے ہوئے انتظامیہ کی طرف سے اس انسٹی ٹیوٹ کو فعال بنانے اور ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ سدپارہ مونٹینیرنگ کلب کے چیئرمین غلام محمد نے کمیونٹی کی طرف سے فورس کمانڈر اور پاک آرمی کا شکریہ ادا کیا ۔