بلوچستان بھر میں شدید سردی کی چار ماہ طویل لہر کی وجہ سے غریب عوام کی زندگیاں مزید دشوار ہو جاتی ہیں،سینیٹر محمد عبدالقادر

بلوچستان کی محروم عوام کے لئے گیس کے رعائت یافتہ نرخ لاگو کئے جائیں، چیئرمین اسٹینڈنگ کمیٹی برائے پیٹرولیم

پیر 18 دسمبر 2023 22:00

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 دسمبر2023ء) چیئرمین اسٹینڈنگ کمیٹی برائے پیٹرولیم و رسورسز اور سیاسی و اقتصادی امور کے ماہر سینیٹر محمد عبدالقادر نے کہا ہے کہ جیسے جیسے ملک خصوصاً بلوچستان میں سردی میں شدت آتی جا رہی ہے ویسے ویسے بلوچستان کے گیس صارفین کو گیس کی فراہمی مشکل ہوتی جا رہی ہے، بلوچستان بھر میں شدید سردی کی چار ماہ طویل لہر کی وجہ سے صوبے کی غریب عوام کی زندگیاں مزید دشوار ہو جاتی ہیں، ملک کے گیس کے بڑے اور اہم ذخائر بلوچستان میں موجود ہیں اسی لئے سب سے پہلے بلوچستان ہی کی عوام کا حق ہے کہ انہیں بلا تعطل اور سستی گیس فراہم کی جائے، بلوچستان رقبے کے لحاظ سے ملک کا سب سے بڑا صوبہ ہے لیکن ترقی اور سہولیات کے اعتبار سے سب سے پیچھے۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بلوچستان سے نکلنے والی گیس سے ملک کے دوسرے علاقوں کے لوگ استفادہ کر رہے ہیں لیکن بلوچستان ہی کے بیشتر علاقوں کے باسیوں کو گیس کی فراہمی یا تو سرے سے کی ہی نہیں گئی یا محدود حد تک کی گئی ہے یا اسکے نرخ انتہائی زیادہ ہیں جو بلوچستان کی غریب عوام کی آمدنی سے کسی صورت مطابقت نہیں رکھتے میر ظفر اللہ خان جمالی کے بعد انور الحق کاکڑ دوسرے وزیراعظم ہیں جن کا تعلق بلوچستان سے ہے وزیراعظم کاکڑ کو چائیے کہ وہ سب سے پہلے بلوچستان کی محروم عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے گیس کے رعایت یافتہ نرخوں پر توجہ دیں ، بلوچستان کی عوام کے لئے گیس کے رعائت یافتہ نرخ لاگو کئے جائیں تاکہ صوبے کی عوام کو براہ راست ریلیف دیا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی عوام کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا ہر حکومت کی ذمہ داری ہے عموماً حکمرانوں کی توجہ بلوچستان کی تعمیر و ترقی پر کم ہوتی ہے بلوچستان بھر کی رابطہ سڑکوں کا معیار بہتر کرنے کی ضرورت ہے صوبے بھر میں انتظامی ڈھانچہ کمزور ہے اعلی معیار کے سرکاری سکولوں اور کالجز کی تعداد انتہائی کم ہے اور جو سکول اور کالجز ہیں وہ بنیادی سہولیات سے محروم ہیں. سرکاری ہسپتالوں کی حالت زار بھی تسلی بخش نہیں ہے۔

انہوں نے کہاکہ نگران وزیراعظم کو صوبے کی عوام کے مسائل میں خصوصی دلچسپی لینا ہوگی نگران زیراعظم کا تعلق صوبہ بلوچستان سے ہے اس لئے صوبیکی محرومیوں کو ختم کرنے کے لئے ان کی ذمہ داری بھی زیادہ ہے بلوچستان کی عوام کو توقع ہے کہ انکے صوبے سے تعلق رکھنے کی وجہ سے نگران وزیراعظم انکے مسائل حل کرنے میں دلچسپی ظاہر کریں گے۔