افسران و ملازمین کو بنیادی سہولیات کی فراہمی ادارہ ترقیات کراچی کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، نوید انور

جمعہ 22 دسمبر 2023 17:26

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 دسمبر2023ء) افسران و ملازمین کو بنیادی سہولیات کی فراہمی ادارہ ترقیات کراچی کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، گذرتے وقت کے ساتھ شہر کی تعمیر و ترقی اور ادارہ کے ملازمین کے لئے ہر ممکنہ اقدامات کئے جارہے ہیں جس کے اثرات جلد نمایاں ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی نوید انور نے سینڈز سپیڈ پر واقع کے ڈی اے آفیسرز ایسوسی ایشن کے ہٹ کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر جنرل سیکریٹری کے ڈی اے آفیسرز ایسوسی ایشن عمران اعجاز، نائب صدر طارق جمیل اور جوائنٹ سیکریٹری اظہار الحق نے ڈی جی کے ڈی اے نوید انور کو پھولوں کا گلدستہ اور سووینئر پیش کیا۔ تقریب میں چیف انجینئر کے ڈی اے طارق رفیع، فنانس سیکریٹری کے ڈی اے آفیسرز ایسوسی ایشن نور جہاں، جنرل سیکریٹری کے ڈی اے ایمپلائز یونین عبدالمعروف،کے ڈی اے لیبر یونین کے سرپرست اعلی محمد اشرف،گورننگ باڈی کے ممبران، و دیگر افسران و ملازمین موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈی جی کے ڈی اے نوید انور نے تقریب سے مختصر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پرسنل اسٹاف آفیسر ٹو ڈی جی کے ڈی اے ریاض احمد راشد، سابقہ آفیسر سید مکرم سلطان بخاری،نعیم وحید اور دیگر افسران کی جانب سے مجھے گائے بگائے مثبت تجویز و رہنمائی حاصل ہورہی ہے جس پر میں ان افسران کا مشکور ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کے ڈی اے کے مختلف محکموں میں گزشتہ کئی ماہ سے خالی پوسٹیں موجود تھیں، ان پوسٹوں کے لئے میرٹ کی بنیاد پر قابل افسران کی تعیناتی کردی گئی ہے، امید ہے کہ افسران اپنی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کا بھرپور استعمال کرتے ہوئے ادارہ کو ترقی کی نئی سمت کی طرف گامزن کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ مختصر عرصے میں لائنز ایریا پارکنگ پلازہ کے لئے آکشن کمیٹی قائم کرنا، ایس بی سی اے اور کے ڈی اے کے درمیان ورکنگ شپ بہتر بنانے کے لئے دو رکنی کمیٹی قائم کرنا، غیر فعال بس ٹرمینل پلاٹس کی رپورٹ طلب کرنا، کے ڈی اے کے ذرائع آمدنی میں اضافہ کے لئے متعلقہ محکموں اور عملہ کو مزید متحرک کرنے کے لئے ٹھوس اقدامات کئے گئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ادارہ اور ملازمین کو معاشی طور پر مستحکم کرنے کے لئے سندھ گورنمنٹ کو 40 کروڑ گرانٹ کی سمری ارسال کی ہے، گرانٹ کی منظوری افسران و ملازمین کے معاشی مسائل حل کرنے میں مددگار ثابت ہوگی۔ قوی امکانات موجود ہے کہ 40کروڑ کی گرانٹ سندھ گورنمنٹ سے جلد منظور ہوجائے گی۔ بحیثیت ڈائریکٹر جزل کے ڈی اے یہ میری پہلی اور بنیادی ترجیح ہوگی کہ کے ڈی اے کو کراچی شہرکی ترقی اور شہریوں کو بہتر رہائشی سہولیات کی فراہمی کادوبارہ سے ایک بڑا اور اہم ادارہ بنایا جائے۔

انہوں نے محکمہ آئی ٹی، محکمہ مارکیٹنگ، محکمہ بچت بازار اور محکمہ لینڈ کے افسران وملازمین پر زور دیتے ہوئے کہا کہ متعلقہ افسران دفتری امور کی انجام دہی میں کسی بھی قسم کی کوتاہی نہ برتیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ ادارہ کو مالی طور پر مضبوط کرنے کے لئے احسن طریقے سے خدمات انجام دیں۔ بعدازاں کے ڈی اے ایمپلائز یونین کی جانب سے چارٹرڈ آف ڈیمانڈ پیش کرنے پر ڈی جی کے ڈی اے کا کہنا تھا کہ عنقریب چارٹرڈ آف ڈیمانڈ منظور کرنے کے لئے کامیاب حکمت بنائی جائے گی۔جنرل سیکریٹری عمران اعجاز نے ڈی جی کے ڈی اے سمیت افسران و ملازمین کا تقریب میں شرکت کرنے پر خصوصی شکریہ ادا کیا۔