خوشبوؤں کی شاعرہ پروین شاکر کایوم وفات کل منایا جائیگا

پیر 25 دسمبر 2023 16:45

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 دسمبر2023ء) پرائیڈ آف پرفارمنس،آدم جی و دیگر ایوارڈزکی حامل ساحرانہ ترنم، پھولوں اور خوشبوؤں کی شاعرہ، لطیف جذبات کو لفظوں کا پیرہن دینے والی پروین شاکر کا 29واں یوم وفات کل 26 دسمبر بروزمنگل کو منایا جائیگا۔ خوشبو، صد برگ، خود کلامی، انکار، ماہ تمام سمیت درجنوں شعری مجموعہ کلام کی مصنفہ پروین شاکر خواتین کی انتہائی ہر دلعزیز شاعرہ تھیں۔

پروین شاکر 24نومبر1952کو کراچی میں پیدا ہوئیں۔ اعلیٰ تعلیم کے حصول کے بعد پہلے وہ درس و تدریس کے شعبہ سے وابستہ ہوئیں پھر انہوں نے کسٹمز ڈیپارٹمنٹ میں اعلیٰ افسر کی حیثیت سے کئی سال تک اپنے پیشہ وارانہ فرائض سر انجام دیئے۔ پروین شاکر نے اپنی لا زوال شاعری میں محبت، حسن اور عورت کو اپنا موضوع سخن بنایا۔

(جاری ہے)

ان کی شاعری مختلف نشیب و فراز کا شکار رہی یہی وجہ ہے کہ انہوں نے اپنی شاعری میں کہیں کرب اورکبھی شگفتگی پر اظہار خیال کیا۔

ان کی شاندر خدمات پر انہیں پرائیڈ آف پرفارمنس،آدم جی و دیگر ایوارڈز سے بھی نوازا گیا۔ پروین شاکر کی ازدواجی زندگی بھی مختلف اتار چڑھاؤ کا شکار رہی۔ انہوں نے ایک ماہر طب سے محبت کی شادی کی تھی تاہم بعد ازاں ان میں علیحدگی ہو گئی جو ان کے لیے دکھ اور کرب کا باعث بنی ۔ لطیف جذبات کو الفاظ کا پیر ہن دینے والی خوشبوؤں کی نفیس شاعرہ پروین شاکر 26دسمبر 1994کو 42سال کی عمر میں ٹریفک کے ایک حادثہ میں اپنا سفر زیست تمام کرتے ہوئے مالک حقیقی سے جا ملیں۔